Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدا نے چاہا تو ایک دن 155 کلومیٹر کی رفتار سے زیادہ تیز بولنگ کروں گا‘

عُمران ملک اس وقت آئی ایل پی میں مسلسل 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں (فوٹو: آئی پی ایل)
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر عُمران ملک نے کہا ہے کہ وہ ایک دن 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ تیز بولنگ کا سنگ میل عبور کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی بنیادی توجہ صحیح جگہوں پر بولنگ کرنا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق آئی پی ایل میں اپنی شاندار بولنگ اور تیز رفتاری کے باعث خبروں کی زینت بننے والے عُمران ملک نے بدھ کے روز میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی۔
جموں سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان بولر نے اپنی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف تقریباً فتح یاب کر ہی دیا تھا کہ آخری اوور میں راہل ٹیواٹیا اور راشد خان نے چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جیتوا دیا۔
اگرچہ سن رائزرز حیدرآباد میچ تو نہ جیت سکی لیکن عُمران ملک کو اپنی تباہ کن بولنگ، جو آئی پی ایل کی تاریخ کا بہترین سپیل تھا، کی بنا پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بدھ کی رات کو میچ کے بعد عُمران کا کہنا تھا کہ ’آئیڈیا صحیح لائن کے ساتھ تیز بولنگ کرنا اور وکٹیں حاصل کرنے کی منصوبہ بندی تھا۔ جیسے میں نے ہاردک بھائی کو باؤنسر پر آؤٹ کیا اور ساہا کو سلو رن اپ کے ساتھ آ کر یارکر پر بولڈ کیا۔‘

عُمران ملک کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ (فوٹو: آئی پی ایل)

’میں نے مکس قسم کی بولنگ اور وکٹوں کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی کیونکہ یہ ایک چھوٹا گراؤنڈ ہے۔ ورنہ ہماری باؤلنگ اچھی رہی ہے۔‘
اس سوال پر کہ کیا وہ اب بھی 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھونے کے خواہشمند ہیں، عُمران ملک کا کہنا تھا کہ ’میں صرف صحیح جگہوں پر گیند کرنا چاہتا ہوں اور وکٹیں حاصل کرنا چاہتا ہوں اور اگر مجھے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے بولنگ کرنی پڑی تو انشا اللہ میں ایک دن کروں گا۔‘
واضح رہے عُمران اس وقت آئی ایل پی میں مسلسل 150 کلومیٹر گی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں اور آٹھ میچوں میں 15 وکٹیں لے چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے بولر ہیں جنہوں نے کسی بھی بیٹنگ لائن کی پہلی پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

شیئر: