وزٹ ویزے پرمملکت آنے والے حج کرسکتے ہیں؟
سعودی شہری اوراقامہ ہولڈرز کے لیے بھی حج پرمٹ کا حصول لازمی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ نے یاد دہانی کرائی ہے کہ وزٹ ویزے پرآنے والوں کو حج کرنےکی اجازت نہیں ہوتی۔ بیرون ملک سے حج ویزے پرہی آنے والے فریضہ ادا کرسکتے ہیں۔
عاجل نیوز نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری ہدایات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ بعض افراد کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو وزٹ ویزے پربلا کرفریضہ حج ادا کروا لیں جو غط ہے۔ اس بارے میں ایک شخص کی جانب سے وزارت حج وعمرہ سے دریافت کیا گیا ’والدہ کو وزٹ ویزے پربلایا ہے وہ میرے ساتھ مقیم ہیں ، انکی خواہش ہے کہ حج ادا کرکے واپس جائیں کیا یہ ممکن ہے کہ وہ وزٹ ویزے پررہتے ہوئے حج پرمٹ حاصل کرلیں‘؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ وزٹ ویزے پرآنے والوں کو حج کرنے کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیا جاسکتا۔
بیرون مملکت سے آنے والے وہ افراد جو اقامہ ہولڈر نہیں انہیں فریضہ کی ادائیگی کےلیے صرف حج ویزے ہی جاری کیے جاتے ہیں اس کے علاوہ کسی دوسرے عارضی ویزے پرمملکت آنے والوں کوحج کی اجازت نہیں ہوتی۔
واضح رہے وزارت حج کے قوانین کے مطابق مملکت میں قانونی طورپرمقیم غیر ملکیوں کے علاوہ سعودی شہریوں کو بھی حج کرنے کے لیے وزارت حج وعمرہ سے پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
حج پرمٹ انہیں جاری کیا جاتا ہے جنہوں نے گزشتہ 5 برس کے دوران حج ادا نہیں کیا ہوتا۔ مملکت میں مقیم غیر ملکی یا سعودی شہری کےلیے بنیادی طور پردوسرے حج کےلیے پانچ برس کی پابندی عائد ہے۔
علاوہ ازیں حج پرمٹ جاری کرانے کےلیے لازمی ہے کہ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے حج ٹور ترتیب دیاجائے تاکہ مناسک حج کی ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے