بیرون ملک سے عمرہ زائرین کب تک سعودی عرب آ سکتے ہیں؟
بیرون ملک سے عمرہ زائرین کب تک سعودی عرب آ سکتے ہیں؟
منگل 26 اپریل 2022 13:33
امسال 85 فیصد عازمین بیرون مملکت سے جبکہ 15 فیصد داخلی ہوں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ سیزن کا آختتام 30 مئی 2022 کو ہو گا۔ یکم ذوالقعدہ سے حج سیزن کا آغاز ہوجائے گا۔
عاجل نیوز نے وزارت حج وعمرہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ بیرون مملکت سے عمرہ ویزہ کی درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 15 شوال بمطابق 16 مئی ہے جس کے بعد عمرہ ویزے کےلیے درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
واضح رہے گزشتہ 2 برس سے کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون مملکت سے عازمین حج کی آمد پرپابندی عائد تھی ۔ حج کے لیے محدود تعداد میں صرف سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو اجازت دی گئی تھی تاہم وہ بھی انتہائی محدود تعداد میں تھی۔
امسال جبکہ کورونا وائرس پرکافی حد تک قابو پالیا گیا ہے جبکہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسینیشن کا بڑا مرحلہ بھی کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد سعودی عرب ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیاں ختم کردی گئیں۔
کورونا سے بچاو کےلیے اہم ترین پابندی سماجی فاصلے کی تھی جو اب عالمی سطح پرختم کردی گئی ہے۔ ماہرین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کورونا سے بچاو کےلیے ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرلینے کے بعد لوگوں میں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سماجی فاصلے کی پابندی کے اصول کو ختم کردیا گیا۔
خیال رہے امسال عازمین حج کی مجموعی تعداد 10 لاکھ مقررکی گئی ہے جن میں سے 85 فیصد بیرون مملکت جبکہ باقی 15 فیصد اندرون مملکت کے عازمین ہوں گے۔
امسال حج کوٹہ کے حساب سے سب سے زیادہ عازمین انڈونیشیا کے ہوں گے جن کی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار جبکہ دوسرا نمبر پاکستان کا ہے جہاں سے 81 ہزار 132 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کےلیے مملکت آئیں گے۔