شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی عرب اور امارات میں عید الفطر پیر کو
شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی عرب اور امارات میں عید الفطر پیر کو
ہفتہ 30 اپریل 2022 19:36
رویت ہلال سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا اعلان کیا گیا ہے ؤ فوٹو سبق)
سعودی عرب اور امارات میں سنیچر 30 اپریل کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ عید الفطر پیر دو مئی کو ہوگی۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے رویت ہلال سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔
ایوان شاہی کے بیان میں کہا گیا کہ’ اتوار یکم مئی کو 30 رمضان ہے جبکہ عیدالفطر پیر 2 مئی کو منائی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سنیچر 29 رمضان 1443ھ مطابق 30 اپریل 2022 کوعید کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے۔
سپریم کورٹ کا بیان میں کہنا تھا کہ’ عید کا چاند دوربین کے ذریعے بھی دیکھا جاسکتا ہے اورآلات کے بغیر بھی دیکھنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ چاند نظر آنے پر قریب ترین عدالت پہنچ کر شہادت قلمبند کرائی جائے‘۔
بیان میں لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ ’جن کی نظر تیز ہو اوروہ رویت ہلال کمیٹی کی مدد کرنا چاہتے ہوں وہ ہرعلاقے میں موجود رویت ہلال کمیٹی میں شریک ہوسکتے ہیں۔ ان کا یہ تعاون قابل قدر اور قابل تعریف ہوگا‘۔
واضح رہے سعودی عرب میں چاند دیکھنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پراعلان کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رویت ہلال کمیٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ’ سنیچر کو شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر پیر دو مئی کو ہوگی‘۔