Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ پر پروازوں میں تاخیر، تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم

کمیٹی کو ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے( فائل فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اورلاجسٹک انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر نے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے واقعہ کے تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی سربراہی سول ایوی ایشن جنرل اتھارٹی کے سربراہ کریں گے اور اداروں کے حکام اس کے ارکان ہوں گے۔
 سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’کمیٹی پچھلے دنوں جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےنارتھ ٹرمینل پر مسافروں اورعمرہ زائرین کی کچھ پروازوں میں تاخیر اور بے ضابطگیوں کی وجوہ کا تعین کرے گی’۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی کہ’ تحقیقات کی جائے کہ واقعہ کیوں پیش آیا، اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ مسافروں اورعمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ریگلٹری اور تیکنیکی اقدامات کیے جائیں‘۔
انجینیئر صالح بن ناصر نے کمیٹی کو ایک ہفتے میں تحقیقاتی رپورٹ کے اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 الاخباریہ  نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ منگل کے روز کچھ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث نارتھ ٹرمینل پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آیا تھا جو بدھ کو بھی جاری رہا۔
حکام نے نارتھ ٹرمینل سے تاخیر سے روانہ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو حج ٹرمینل منتقل کیا تاکہ رش کو کم کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دس پروازوں میں تاخیر، آپریٹرز کی جانب سے کچھ پروازوں کی منسوخی اور مسافروں کی وقت سے پہلے ایئر پورٹ آمد سے رش دیکھنے میں آیا تھا۔
منگل اور بدھ کو تمام ائیرلائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس کی وجہ مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا( فوٹو سبق)

اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے بدھ کو بتایا تھا کہ ’سعودی حکام نے پی آئی اے کی پروازوں کو شمالی ٹرمینل کے بجائے حج ٹرمینل پر منتقل کردیا ہے۔‘
’‘حج ٹرمینل وسیع ہے اور اس طرح کا رش باآسانی ہینڈل کرسکتا ہے۔‘
ترجمان پی آئی اے نے تمام مسافروں سے درخواست کی تھی کہ ’وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات پرواز سے قبل اپنے ایجنٹوں، پی آئی اے کے جدہ میں دفاتر یا کال سینٹر سے حاصل کریں۔
علاوہ ازیں جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید  کا کہنا ہے کہ’ جدہ ائیر پورٹ پر قونصلیٹ کا سٹاف تعینات ہے جو پاکستانی مسافروں کی ہر ممکن مدد کررہا ہے‘۔
قونصل جنرل نے سعودی سول ایوی ایشن حکام کے ساتھ رابطہ کیا جس کے بعد حج ٹرمینل کھول کر مسافروں کی روانگی کے انتظامات کو آسان بنایا گیا۔

شیئر: