Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ کے نارتھ ٹرمینل پر رش میں کمی، پی آئی اے کی پروازیں حج ٹرمینل منتقل

’وہ مسافر جو شمالی ٹرمینل پر آچکے ہیں ان کو پی آئی اے انتظامیہ خصوصی بسوں کے ذریعے حج ٹرمینل پر منتقل کرے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے بدھ کو بتایا ہے کہ ’سعودی حکام نے پی آئی اے کی پروازوں کو شمالی ٹرمینل کے بجائے حج ٹرمینل پر منتقل کردیا ہے۔‘
’‘حج ٹرمینل وسیع ہے اور اس طرح کا رش باآسانی ہینڈل کرسکتا ہے۔‘
بدھ کو بھی تمام ائیرلائنز کی پروازیں اوسط 4 سے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں جس کی وجہ مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’سی ای او پی آئی اے آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے انہیں مسافروں کو سہو لتیں فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے۔‘
 پی آئی اے انتظامیہ نے تمام ایجنٹس اور کال سینٹرز کے ذریعے مسافروں کو ٹرمینل منتقلی کی اطلاع فراہم کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’تمام مسافر جن کی واپسی کی پروازیں بدھ کی رات شیڈول ہیں سے درخواست ہے کہ وہ اب حج ٹرمینل پر پہنچ جائیں۔‘
وہ مسافر جو شمالی ٹرمینل پر آچکے ہیں ان کو پی آئی اے انتظامیہ خصوصی بسوں کے ذریعے حج ٹرمینل پر منتقل کرے گی۔
ترجمان پی آئی اے نے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ ’وہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات پرواز سے قبل اپنے ایجنٹوں، پی آئی اے کے جدہ میں دفاتر یا کال سینٹر سے حاصل کریں۔‘
سبق نیوز کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کے نارتھ ٹرمینل پر مسافروں کے رش میں کچھ کمی آئی ہے۔
 الاخباریہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ منگل کے روز کچھ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث نارتھ ٹرمینل پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آیا تھا۔
حکام نے نارتھ ٹرمینل سے تاخیر سے روانہ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو حج ٹرمینل منتقل کیا تاکہ رش کو کم کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دس پروازوں میں تاخیر، آپریٹرز کی جانب سے کچھ پروازوں کی منسوخی اور مسافروں کی وقت سے پہلے ایئر پورٹ آمد سے رش دیکھنے میں آیا تھا۔
علاوہ ازیں جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ’ جدہ ائیر پورٹ پر قونصلیٹ کا سٹاف تعینات ہے جو پاکستانی مسافروں کی ہر ممکن مدد کررہا ہے‘۔
قونصل جنرل نے سعودی سول ایوی ایشن حکام کے ساتھ رابطہ کیا جس کے بعد حج ٹرمینل کھول کر مسافروں کی روانگی کے انتظامات کو آسان بنایا گیا۔

شیئر: