Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر پنجاب کی برطرفی: ’قومی اسمبلی سے قرارداد منظور کرائی جائے گی‘

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گورنر پنجاب کے ایشو کو قومی اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے گا۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیربجلی خرم دستگیر خان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بحث ہوگی اور اس پر قرار داد بھی منظور کی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے وزیراعظم کے ایڈوائس کو مسترد کیا۔
وزیر قانون نے بتایا کہ کابینہ نے واضح کر دیا کہ کسی کو آئینی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکومتیں تبدیل ہوئی ہیں لیکن ایسی صورتحال پہلے نہیں دیکھی۔
’صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کرکے آئین شکنی کا ارتکاب کیا۔‘
خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ ’صدر وزیر اعظم کی سفارشات پر عمل نہ کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ صدر کو پسند نا پسند کا استتثنٰی حاصل نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آئین کہتا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس اختیار ہے جو پاکستان کے عوام نے انہیں دیا ہے۔ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، یہ آئین کی عمل داری کا معاملہ ہے، ہم متانت اور خوش اسلوبی کے ساتھ اس معاملے کو حل کریں گے۔‘

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چینی کے ایکسپورٹ پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)

اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف جلد قوم سے خطاب کر کے عوام کو ملکی معاشی صورتحال اور مہنگائی سے ریلیف کے منصوبوں سے آگاہ کریں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چینی کے ایکسپورٹ پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان کے مطابق ملکی ضرورت کے مطابق کافی چینی سٹاک میں موجود ہے۔
ایکسپورٹ پر پابندی چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے لگا دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے۔ ’وزیراعظم نے کابینہ کو دورہ سعودی عرب سے متعلق آگاہ کیا۔

شیئر: