پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں سازش تیار کرکے یہاں کے میر جعفر اور میر صادق نے حکومت گرائی لیکن بتائیں کیا آپ سے ملک سنبھل رہا ہے؟
فیصل آباد میں جسلے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں وہ پاکستان بنتا دیکھ رہا ہوں جو علامہ اقبال کا خواب تھا اور قائداعظم نے بنایا تھا۔ میری قوم میرے ساتھ نکل رہی ہے۔ نوجوان ہی نہیں بلکہ بچے، بزرگ اور خواتین بھی نکل رہی ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ جب ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا اور ایکسپورٹ بڑھ رہی تھیں، انڈسٹری تیزی سے بڑھ رہی تھی تو میں یہ سوال پوچھتا ہوں کہ امریکہ میں سازش تیار کرکے حکومت کیوں گرائی گئی؟
مزید پڑھیں
-
حکومت کا ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا فیصلہNode ID: 668776
-
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری منگل کو امریکی دورے پر روانہ ہوں گےNode ID: 668801
’بتائیں آپ سے ملک سنبھل رہا ہے؟ مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ میڈیا عوام میں کیوں نہیں جاتا اور لوگوں سے کیوں نہیں پوچھتے۔ حمزہ شہباز مرغی کے کاروبار میں ہیں اس لیے مرغی کی قیمت دوگنی ہوگئی۔ لوگ آپ کو دو لفظ کہیں گے ایک لفظ غدار اور دوسرا چور۔‘
عمران خان نے کہا کہ انہیں پتا چلا کہ بند کمروں میں سازش ہو رہی ہے ک عمران خان کا کیا کریں۔ ’یہ ہر امتحان سے نکل گیا۔ کورونا سے بھی نکل گئے۔ دنیا نے تعریف کی۔ اپنی معیشت کو بچایا اور مزدوروں کو بھی بچایا۔ تو پھر انہوں نے سازش کرکے حکومت گرائی۔ انہوں نے سوچا کہ لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے۔ انہوں نے دیکھا کہ لوگ تو سڑکوں پر آ گئے ہیں۔‘
سابق وزیر اعظم کے مطابق ان کو خوف آنا شروع ہو گیا کہ اسلام آباد میں لوگوں کا سمندر آنے والا ہے۔ اس لیے انہوں نے سوچا کہ اس کو ویسے ہی ختم کر دیا جائے۔
’میں نے ویڈیو میں ایک ایک کا نام لیا ہے جس نے یہ سازش کی۔ مجھے پتا ہے کہ کبھی بھی اس ملک میں طاقتور مجرم کو نہیں پکڑا جاتا۔ لیاقت علی خان، ذوالفقار بھٹو اور کسی کا پتا نہیں چلا کہ انہیں کس نے مارا۔ اس لیے میں نے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی۔‘
جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں نے آپ سب کو کہا کہ جب آپ اس ویڈیو کو دیکھیں گے تو مجھے اور اس ملک کو انصاف دلوانا ہے۔ آپ نے کسی قسم کی غلامی قبول نہیں کرنی۔‘
عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو جب امریکیوں سے ملے گا تو ان کو پتا ہوگا کہ ان کا پیسہ کہاں پڑا ہے۔ ’نواز شریف کبھی اپنے آقاؤں کو ناراض نہیں کرے گا، بڑا بھائی فوج کو برا بھلا کہتا ہے اور چھوٹا بھائی جو بوٹ دیکھتا ہے پالش کرنا شروع کر دیتا ہے۔‘
’اب یہ امریکہ کے پاس جائیں گے اور کہیں گے کہ خدا کے واسطے ہمیں پیسے دے دو ورنہ عمران خان واپس آجائے گا۔ جب امریکی ان کی مدد کریں گے تو وہ ان کے گلے میں زنجیر ڈالیں گے۔ وہ کہیں گے پہلے انڈیا کی غلامی کرو۔ کشمیر کو بھول جاؤ۔ فلسطین پر چپ ہو جاؤ۔ وہ کہیں گے روس سے تیل نہیں لینا کیوںکہ آپ تو ہمارے غلام ہیں۔ ایران سے سستی گیس نہیں لینے دیں گے۔‘