پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے’کافی کمپنی‘ کے قیام کا اعلان کردیا
آئندہ 10 سال کے دوران 1.2 ارب ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے اتوارکو مملکت میں کافی کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے کافی کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی کافی کمپنی بیج سے کپ تک پوری سپلائی چین کے ذریعے کافی کی قومی صنعت کو معاونت فراہم کرے گی‘۔
بیان کے مطابق کمپنی جنوبی ریجن جازان میں کافی کی پیداوارکو بڑھانے میں بھی اپنا کردارادا کرے گی۔ یہ علاقہ ‘کوفیہ عربیکا‘(عربی کافی) کا گھر سمجھا جاتا ہے۔
توقع ہے کہ سعودی کافی کمپنی قومی کافی انڈسٹری میں آئندہ 10 سال کے دوران 1.2 ارب ریال کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ سالانہ پیداوارکو300 ٹن سے بڑھاکر2500 ٹن کرنے میں مدد مل سکے۔
سعودی عرب دنیا میں سب سے زیادہ کافی استعمال کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، اور فی الحال الخولانی کافی میں خود کفالت حاصل کرنے اور اپنی معیشت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے، جس کا مقصد نان آئل جی ڈی پی کو بڑھانا ہے۔
ملک میں موجود کافی کے پھل دار درختوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے‘۔
وزارت زراعت نے کہا ہے کہ ’اس وقت جازان، عسیر اور الباحہ میں کافی کے درختوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہے‘۔
’سعودی عرب کافی کی کاشت اور اس کی پیدوار بڑھانے کے لیے کئی پروگرامات پر عمل کر رہا ہے‘۔