’سعودی کافی کا سال 2022 ‘کے عنوان سے جدہ میں کافی وچاکلیٹ نمائش
’سعودی کافی کا سال 2022 ‘کے عنوان سے جدہ میں کافی وچاکلیٹ نمائش
جمعہ 18 مارچ 2022 9:45
فیسٹول میں 60 سے زائد مقامی وعالمی کمپنیاں شریک ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
جدہ میں جاری بین الاقوامی کافی وچاکلیٹ فیسٹول میں 60 سے زائد مقامی وعالمی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ نمائش کا انعقاد ’سعودی کافی کا سال 2022 ‘ کے عنوان سے کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق کافی فیسٹول 19 مارچ تک جاری رہے گا۔ کافی میلے میں انواع و اقسام کی کافی اورچاکلیٹ شائقین کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔
میلے میں رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیے جارہے ہیں۔ فیسٹول کی انتظامیہ نے اس امر کا خاص طورپر اہتمام کیا ہے کہ میلے میں آنے والے اپنے لیے کافی خود تیار کریں۔ کافی کے اسٹالز پرآنے والوں کو کافی بنانا کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا جارہا ہے علاوہ ازیں کافی کی تیاری کے مراحل کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔
کافی میلے میں اس صنعت سے منسلک مملکت میں کافی کے کاشت کا ر اورصنعت کاربڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں۔
فیسٹول کے انعقاد کا مقصد سعودی کافی کوعالمی سطح پرمتعارف کرانے کے علاوہ اس صنعت کے ماہرین کو سرمایہ کاری کی ترغیب دینا بھی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ فیسٹول کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ کافی کی صنعت سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں اور صنعت کار متعدد تجارتی معاہدے کریں گے۔