Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اداروں کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں: حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے پنجاب میں آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت کم کر کے چار سو 90 کرنے کا اعلان بھی کیا (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ اداروں کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے گذشتہ روز گوجرانوالہ کے جلسے میں عمران خان کے یہ الفاظ ’لانگ مارچ میں فوج کے خاندان بھی ہوں گے‘ دوہراتے ہوئے کہا ’یہ خطرناک بات ہے، اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔‘
انہوں نے عمران خان کو ’بہروپیا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام ان کے پیچھے نہ جائیں، وہ شعبدہ بازی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے انہوں نے سیاسی میدان سجا لیا ہے۔
وزیراعلٰی نے پنجاب بھر میں دس کلو آٹے کی قیمت کم کر کے چار سو 90 کرنے کا اعلان کیا۔
 ان کے مطابق ’اس وقت تھیلے کی قیمت چھ سو 50 روپے ہے، مگر آج سے نئی قیمت پر ملے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایک ماہ کے لیے 17 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، آٹے کی مد میں دو سو ارب کی سبسڈی دینا چاہتے ہیں۔‘
حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ ’سابق وزیراعظم نے اداروں پر حملے کرتے ہوئے سفارتی بات چیت کو سازش کہا۔‘
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ کو چار سال کا موقع نہیں ملا، آپ نے کیا کیا عوام کے لیے؟‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے الزام لگایا کہ عمران خان نے قومی جرم کیا اور آج وہ انقلاب کے نعرے لگا رہے ہیں۔
’پہلے کہتے تھے خودکشی کر لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، پھر وہ شرائط بھی مان لیں جو اس نے رکھی بھی نہیں تھیں۔‘
حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’وہ کہتے تھے کہ آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا۔ پھر آپ کس لیے آئے تھے، معیشت کے ساتھ کھلواڑ کرنے آئے تھے؟‘

شیئر: