’عمران خان کی حکومت گرا کر اُس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا منصوبہ ختم کر دیا‘
’عمران خان کی حکومت گرا کر اُس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا منصوبہ ختم کر دیا‘
جمعرات 19 مئی 2022 19:57
مریم نواز نے جلسے کے شرکا سے پوچھا کہ کیا حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے۔ فوٹو: مسلم لیگ ن فیس بک
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے عمران خان کی حکومت اس لیے گرائی تاکہ وہ دوبارہ نہ آ سکے۔
جمعرات کو سرگودھا میں عوامی جلسے سے خطاب میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی آستین میں ایک سانپ چھپ کر بیٹھا ہے اور اس فتنے کا نام عمران خان ہے۔
مریم نواز نے مہنگائی کے حوالے سے مشکل فیصلے کرنے کا ذکر کرتے ہوئے جلسے کے شرکا سے پوچھا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اس مٹی کا بیٹا ہے اپنی حکومت چھوڑ دے گا لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گا۔ ایسی حکومت کو خیرآباد کہنا بہتر ہے جس سے لوگوں پر مہنگائی ٹوٹے۔‘
مسلم لیگی رہنما نے پوچھا کہ ’نواز شریف اگر آپ کی خاطر حکومت چھوڑتا ہے تو کیا اُس کو دو تہائی اکثریت دو گے؟‘
مریم نواز نے کہا کہ ان کی جماعت نے حکومت میں آ کر عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے منصوبے کو ختم کر دیا ہے۔ ’عمران خان تم بال نوچو، الٹے لٹک جاؤ یا دانت پیسو، تمہارا کھیل ختم شد۔‘
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ’جس کو کہتے تھے اس کی سیاست ختم ہو گئی، آج اسی کو کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آ جاؤ تمہاری ضرورت پڑ گئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شہر شہر گلی گلی دھماکے ہوتے تھے دہشت گردی ہوتی تھی نواز شریف نے سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ملک میں امن بحال کیا۔ تین سال کے اندر نواز شریف، شہباز شریف نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مٹا ڈالے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی کہ ایک کھلنڈرے، ایک نااہل، ایک اناڑی کو لا کر عوام کے سروں پر مسلط کیا گیا، اور تین سال میں لوڈشیڈنگ واپس آ گئی اور معیشت وینٹی لیٹر پر چلی گئی، دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ چار سال پاکستان کی تباہی و بربادی کی اور آج وہ پوچھ رہا ہے کہ چار ہفتوں میں شہباز شریف نے کیا کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی 40 تقاریر میں ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پر بولنے کے قابل نہیں۔ ’یہ ازل کا جھوٹا ہے۔ پہلے 35 پنکچرز کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا، پھر خط کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا۔ غیرملکی سازش کا ڈرامہ لے آیا ثبوت نہیں، اب اپنے قتل کا ڈرامہ لے آیا اور ثبوت نہیں دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر آج ملک قرضوں کی دلدل میں دھنس گیا تو اس کا قصور وار عمران خان ہے۔
’بڑی ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ یہ حکومت کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہی۔ عمران خان میری بات غور سے سن لو، تم جیسے بے حس کو کیا پتا کہ عوام کے لیے مشکل فیصلے کرنا ایک درد دل رکھنے والے حکمران کے لیے کتنا مشکل ہے۔‘
انہوں نے سپریم کورٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر شہباز شریف کے خلاف سوموٹو نوٹس لیا ہے تو سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے سنگین الزامات پر بھی ایک ازخودنوٹس لینا چاہیے۔ ایک سوموٹو نوٹس شہزاد اکبر اور ایک فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر پر بھی لینا چاہیے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کے لیے عدلیہ کے ترازو کے پلڑے کو جھکنے مت دیں۔ عمران خان اداروں کو کہتا ہے تمہارے چہرے میں نے پہچان لیا ہے۔‘