سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کوہاٹ میں جلسے کے دوران خراب لائٹنگ کی شکایت ٹھیکیدار کو مہنگی پڑ گئی۔
شہریار آفریدی کے کہنے پر بدھ کو پولیس نے ٹھیکیدار کو تھانے میں بلا لیا۔
ٹھیکیدار شیخ انور کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما شہریار آفریدی کے کہنے پر انہیں تھانے میں بٹھا رکھا ہے کیونکہ منگل کو ان کے خلاف جلسے میں لائٹنگ بہتر نہ ہونے کی شکایت ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں
-
عمران خان کے دو موبائل فون چوری کر لیے گئے، شہباز گلNode ID: 669026
انہوں نے بتایا کہ ’شہریار آفریدی نے ان کے 35 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔‘
اس حوالے سے ضلع کوہاٹ کے مقامی صحافی باسط گیلانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ عمران خان نے کوہاٹ جلسے میں لائٹنگ کے حوالے سے شہریار آفریدی کو شکایت کی تھی جس وجہ سے شہریار آفریدی نے ٹھیکیدار کو تھانے پہنچا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’متعلقہ تھانے کے حکام ٹھیکیدار سے کسی کو ملنے نہیں دے رہے جس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ شہریار آفریدی نے انہیں ایسا کرنے سے منع کر رکھا ہے۔‘
اردو نیوز نے بھی تھانہ جنگل خیل کے ٹیلی فون نمبر پر متعدد بار کال کرنے کی کوشش کی لیکن کسی نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ منگل کو سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر شہریار آفریدی کے حلقے میں خطاب کیا تھا اور وہاں خراب لائٹنگ کی شکایت کی تھی۔
’لائٹنگ از ایوری تھنگ‘
’لائٹنگ از ایوری تھنگ (یعنی لائٹنگ ہی سب کچھ ہے)‘ یہ الفاط سوشل میڈیا صارفین نے سابق وزیراعظم عمران خان کے منہ سے اس وقت سنے جب کچھ ہفتے قبل اوورسیز پاکستانیوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب سے قبل کی ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین حالیہ دنوں میں دیے گئے اپنے دو انٹرویوز کا موازنہ کررہے تھے۔ ایک انٹرویو انہوں نے اداکار شان شاہد کو دیا جو ’ہم نیوز‘ پر نشر ہوا اور دوسرا ایک اور پاکستانی ٹی وی چینل ’اے آر وائے نیوز‘ کو دیا۔
ویڈیو میں ان کی بات سے صاف ظاہر تھا کہ شان شاہد کو دیے گئے انٹرویو میں انہیں لائٹنگ پسند نہیں آئی جس کا انہوں نے اظہار بھی کیا لیکن ’اے آر وائے‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کو بہت لائٹنگ پسند آئی۔
Lighting is everything in television interviews, says imran khan who isn’t happy with Shaan’s interview pic.twitter.com/DocKiUme79
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) May 7, 2022
گزشتہ روز عمران خان نے سابق وزیر شہریار آفریدی کے حلقے میں خطاب کیا اور وہاں بھی وہ لائٹنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
انہوں نے اس جلسے پر کوہاٹ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا ’مجھے صرف افسوس ہے کہ اتنا بڑا سٹیڈیم جو بھرا ہوا ہے، آدھا سٹیڈیم نظر ہی نہیں آرہا کیونکہ لائٹیں نہیں ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے اپنے پارٹی لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’شہریار آفریدی کا انتظام انتہائی کمزور تھا کہ لائیٹیں ہی نہیں آ رہیں۔ آگے سے شہریار آفریدی کسی اور کو اس کا انتظام دینا۔‘
Watch: Imran Khan while addressing PTI’s Kohat jalsa terms lighting in the stadium poor, slams Shehryar Afridi. pic.twitter.com/nqs44WGL83
— Naya Daur Media (@nayadaurpk) May 17, 2022
لیکن انہوں نے اگلی ہی جملے میں اتنا ’زبردست‘ جلسہ کرنے پر شہریار آفریدی کو مبارکباد بھی دی لیکن ایک بار پھر کہہ دیا کہ جلسہ ’آدھا اندھیرے میں ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین بھی عمران خان کے ان جملوں کو سن محظوظ ہوئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’شہریار آفریدی کو اس ویڈیو کے بعد احساس ہوجانا چاہیے تھا کہ لائٹنگ بہت اہم ہے۔‘
انہوں نے طنزیہ طور پر لکھا کہ ان کے خیال میں شہریار آفریدی عمران خان کی اس تنقید کے مستحق ہیں۔
نوید انجم نامی صارف نے سابق وزیراعظم پر ان ہی کے جملوں کا سہارا لیتے ہوئے طنز کرتے ہوئے کہا ’اب وہ جلسوں میں لائٹنگ مہیا نہ کرکے مداخلت کر رہے ہیں۔‘