ہنگامی حالات سے نمنٹے کے لیے ایئرایمبولینس کا بھی بندوبست ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ہلال احمر نے جدہ سیزن میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیارکیا ہے۔ شائقین، پروگرام پیش کرنے والوں اور تفریحاتی سرگرمیوں کے منتظمین کو تمام ضروری ہنگامی صحت خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اخبار 24 کے مطابق ہلال احمر نے سپورٹس مقابلوں کے حوالے سے بھی تیاریاں کی ہیں۔ جمعرات کو جدہ میں ہونے والے خادم حرمین شریفین فٹبال کپ کے موقع پر بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ جدہ سیزن کے حوالے سے 27 سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر، نرسیں، معاون طبی عملہ ، ایمرجنسی میڈیسن کے ماہرین، ٹیکنیشن اور صحت رضاکاروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سعودی ہلال احمر نے زخمیوں کو جدہ سیزن زون سے ہسپتال پہنچانے کے لیے (طویق) بس مختص کی ہے جس میں 10 زخمیوں کو لے جانے کی گنجائش ہے۔ طویق بس تمام طبی آلات اور فرسٹ میڈیکل ایڈ بیگز اور الیکٹرانک شاکس دینے والے آلات سے لیس ہے۔
ہلال احمر نے جدہ سیزن کے لیے (ھداج) نامی گاڑی کا بھی بندوبست کیا ہے۔ یہ قدرتی آفات کے موقع پر استعمال کی جاتی ہے۔
اس میں ایسے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے جنہیں متعدد زخم آئے ہوں۔ یہ بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے بھی زخمیوں کو نکالنے کے کام آتی ہے گاڑی آکسیجن کے 45 سلنڈرز سے لیس ہے۔ اس میں فرسٹ میڈیکل ایڈ کے دس بیگ بھی ہوتے ہیں۔
ہلال احمر کے ذمہ رار کا کہنا تھا کہ جدہ سیزن کے لیے (ثریا) گاڑی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ اس میں منی آپریشن روم بھی ہوتا ہے۔ یہ جدید ترین مواصلاتی سسٹم سے آراستہ ہے۔
ہلال احمر نے جدہ سیزن کے پروگراموں کے لیے مختص مقامات پر ایمبولینسیں بھی مہیا کی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر لمحوں میں فضائی ایمبولینس حرکت میں آسکتی ہے۔