عرب پارلیمانی تنظیم کا اجلاس، ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ شرکت کریں گے
عرب پارلیمانی تنظیم کا 33 واں ہنگامی اجلاس سنیچر کو قاہرہ میں ہورہا ہے۔ سعودی وفد کی قیادت شوری کے صدر ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نےکہا کہ’ سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد کی قیادت میں مشترکہ عرب جدوجہد کی تائید و حمایت کررہا ہے‘۔
شوری کے صدر نے کہا کہ’ عرب اور مسلم امہ کے تمام مسائل خصوصا مسئلہ فلسطین کی تائید کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے ہمیشہ فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے۔ آئندہ بھی خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینی کاز کا ساتھ دیا جاتا رہے گا‘۔
ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نےکہا کہ ’مملکت چاہتی ہے کہ 1967 کی سرحدوں میں خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو اور مشرقی القدس اس کا دارالحکومت ہو‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مسلم اور عرب ممالک کے پارلیمانی اداروں کے درمیان تعاون امہ کے مسائل کے حل کے لیے اشد ضروری ہے‘۔