امارات میں سونے کے زیورات کی طلب کیوں کم ہوگئی؟
سونے کے سکوں میں دلچسپی بھی محدود ہوگئی ہے( فائل فوٹو خلیج ٹائمز)
متحدہ عرب امارات میں گولڈ مارکیٹ کے تاجروں نے کہا ہے کہ ’حالیہ دنوں میں سونے کے زیورات کی طلب کم ہوئی ہے۔ سونے کے سکوں میں دلچسپی بھی محدود ہوگئی ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق تاجروں نے بتایا کہ ’صارفین کوسونے کی خریداری پر راغب کرنے کے لیے مزید رعایت دی جارہی ہے۔ ایشیائی ممالک کے بعض صارفین بچت کے مقصد سے سونے کے سکے خرید رہے ہیں‘۔
گزشتہ ہفتے سونے کے نرخوں میں 3.75 سے 5 درہم تک کمی ہوئی تھی۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سونے کے زیورات کے نرخوں میں دس درہم سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔
ڈائمنڈ گولڈ سینٹر کے سیلز ڈائریکٹر دلیپ سونی نے بتایا کہ ’سونے کے نئے زیورات کی طلب میں دلچسپی کم ہورہی ہے حالانکہ نرخ کم ہوئے ہیں‘۔
ایسا لگتا ہے کہ بیشتر صارفین مختلف حوالوں سے سونے کے زیورات کی خریدار مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باعث سے ملتوی کیے ہوئے ہیں۔
دلیپ سونی کا کہنا ہے کہ ’بعض ایشیائی صارفین چھوٹے اور درمیانے سائز کے سونے کے سکے خرید رہے ہیں، اس کا مقصد بچت بھی ہے۔سونے کے سکے آرائش کے طور پر بھی رکھنے کے لیے خریدے جا رہے ہیں‘۔
عنان گولڈ شاپ میں سیلز ڈائریکٹرعبدالعزیز الخطیب نے دلیپ سونی کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ’ صارفین مارکیٹ میں تبدیلی کے منتظر ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ سونا مزید سستا ہونے کا انتظار کررہے ہیں‘۔