مکہ میں یمنی درانداز کو سفر کی سہولت دینے پر شہری گرفتار
دراندازی میں مدد سنگین جرائم میں آتا ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ریجن کی الشعیبہ تحصیل میں روڈ سیکیورٹی فورس نے ایک یمنی درانداز کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کیا ہے۔
روڈ سیکیورٹی فورس نے اس کے قبضے سے نشہ آور اشیا بھی برآمد کی ہیں۔ دونوں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’جو شخص کسی درانداز کو مملکت میں گھسنے، اسے سفر کرانے، رہائش فراہم کرنے سمیت کسی بھی قسم کی کوئی سہولت یا مدد فراہم کرے گا تو اسے پندرہ برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی‘۔
سفر میں استعمال ہونےوالی گاڑی اور رہائش میں استعمال ہونے والا مکان ضبط کرلیا جائے گا جبکہ ذرائع ابلاغ میں تشہیر بھی ہوگی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ’ دراندازی میں مدد سنگین جرائم میں آتا ہے اس پر گرفتاری، قید اور جرمانے کی سزائیں مقرر ہیں‘۔