حج آپریشن 31 مئی سے 13 اگست تک جاری رہے گا: پی آئی اے
حج آپریشن 31 مئی سے 13 اگست تک جاری رہے گا: پی آئی اے
پیر 23 مئی 2022 15:30
بیان کے مطابق اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پی آئی اے انتظامیہ نے وفاقی وزیر ہوابازی کو اہم اُمور پر بریفنگ دی جس میں میں حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ اور فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معاملات شامل تھے۔
پیر کو پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز ہوگا۔
حج آپریشن پاکستان کے آٹھ شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔
پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا۔
وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے ہدایات کی کہ پی آئی اے اس مقصد کے لیے ایک بوئنگ 777 اور ایک ایئربس 320 کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالے۔
چار ایئربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جارہی ہے، جبکہ دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔
بیان کے مطابق اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔
پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔
سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار دو پروازیں لگائی جارہی ہیں۔ ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جا رہا ہے۔
وزیر ہوابازی نے کہا کہ پی آئی اے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر بزنس کلاس لاوئنجز کی تزین و آرائش کروائے۔