Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی مارچ کے باعث راولپنڈی اور فیڈرل بورڈ کے امتحانات ملتوی

فیڈرل بورڈ اور راولپنڈی بورڈ نے میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کی وجہ سے فیڈرل بورڈ اور راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات ملتوی جب کہ کیمبرج نے امتحان کا مقام تبدیل کر دیا ہے۔
منگل کو فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر 25 اور 26 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق اندرون ملک اور بیرون ملک ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں۔ ملتوی شدہ پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دریں اثنا راولپنڈی بورڈ نے بھی 25 مئی کو ہونے والا پرچہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بارڈ راولپنڈی کے اعلامیہ کے مطابق بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے نوٹیفیکیشن کی روشنی میں 25 مئی بروز بدھ کو مطالعہ پاکستان کا صبح اور شام کا پرچہ منسوخ کر دیا ہے۔ ملتوی شدہ امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسی دوران کیمبرج کے تحت اے اور او لیول کا امتحان دینے والے سٹوڈنٹس کو بھی امتحانی مرکز کی تبدیلی کی اطلاع دی گئی ہے۔
کیمبرج کے تحت امتحان دینے والے طلبہ و طالبات اس سے قبل اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں امتحان دے رہے تھے، اب اسلام آباد اور راولپنڈی کے سٹوڈنٹس کو دو الگ مارکیز میں امتحان دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: