جواب جمع نہ کروانے پر لاہور ہائیکورٹ کا حمزہ شہباز کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ
حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی (اے ایف پی)
لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلٰی پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر جواب جمع نہ کرانے پر حمزہ شہباز، پنجاب حکومت اور اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر پر ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
بدھ کو لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس امیر بھٹی نے حکم دیا کہ جرمانے کی رقم لاہور ہائیکورٹ بار کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائے۔
وزیراعلٰی حمزہ شہباز کے وکیل نے جواب جمع کروانے کے لیے دو روز کی مہلت دینے کی استدعا کی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ ووٹ نہیں۔
چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا ’سوال یہ نہیں کہ حمزہ کے پاس اکثریت ہے یا نہیں، سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے ہو گا یا نہیں۔‘
چیف جسٹس نے مسلم لیگ ق کے وکیل سے کہا کہ قانون کے مطابق حکومت کے حقوق سلب نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ’عدالت آپ کے کہنے پر نہیں چلے گی۔‘
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جواب جمع نہ کروائے جانے پر کہا کہ ’آپ کو جواب دو روز پہلے جمع کروانا چاہیے تھا۔‘
جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب جمع کروانے کے لیے مزید مہلت دینے کی استدعا کی۔