کابینہ کے بغیر وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز حکومتی معاملات کیسے چلا رہے ہیں؟
کابینہ کے بغیر وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز حکومتی معاملات کیسے چلا رہے ہیں؟
جمعہ 13 مئی 2022 8:47
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
حمزہ شہباز کی کابینہ کا حلف لینے کے لیے کوئی دستیاب نہیں ہے۔ (فوٹو: حمزہ شہباز فیس بک)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ابھی تک کابینہ کے بننے کے دور دور تک کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے حلف کا مسئلہ تو حل کر دیا تھا تاہم اب یہ مسئلہ ان کی متوقع کابینہ کو درپیش ہے، ان کا حلف لینے کے لیے کوئی دستیاب نہیں ہے۔
گورنر پنجاب عمر چیمہ کو ہٹا دیا گیا جبکہ چوہدری پرویز الہی قائم مقام گورنر کا عہدہ نہیں سنبھال رہے ہیں۔ ایسے میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بغیر کابینہ کے ہی کام شروع کر دیا ہے۔
آئینی ماہرین کے مطابق جب تک کابینہ حلف نہیں اٹھاتی پنجاب میں حکومت کا عمل مکمل نہیں ہوگا۔
گزشتہ 13 دنوں سے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ بننے کے بعد کیا کر رہے ہیں؟
اس کا جواب خود ان کے دفتر کی جانب سے جاری روزانہ کی بنیاد پر وہ پریس ریلیزز ہیں جو یہ بتاتی ہیں کہ حمزہ شہباز دراصل اپنے والد اور وزیراعظم شہباز شریف کے نقش قدم پر ہیں۔
ان کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ وہ صبح نو بجے آفس پہنچ جاتے ہیں۔ جب شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو ان کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ سرکاری وقت سے بہت پہلے ہی کام کا آغاز کر دیتے تھے اور بعض اوقات تو منہ اندھیرے ہی اجلاس شروع ہو جاتے تھے۔
حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ بنتے ہی البتہ ایسے کاموں پر توجہ دی ہے جن سے متعلق شہباز شریف وجہ شہرت رکھتے تھے۔ مثلاً انہوں نے آتے ہی ون ڈش پر بزور طاقت پابندی کروانے کا حکم صادر کیا۔
صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے بھی شہباز شریف دور کی کمیٹیاں بحال کر دی ہیں اور ڈینگی ٹیسٹ 90 روپے کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ محکمہ صحت کی سرکاری رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے میں ڈینگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے 10 مئی کو آخری اپ ڈیٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ’صوبے میں ایک بھی ڈینگی کا مریض ظاہر نہیں ہوا۔ جبکہ آٹھ مئی کو دو مریض رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح رواں سال اب تک 81 مریض سامنے آئے۔‘
جب شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو 2010 میں ڈینگی وبا پھیلی تھی اور انہوں نے ہنگامی اقدامات سے اس پر قابو پانے کا دعویٰ کیا تھا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی توجہ میٹرو بس کے خراب سٹیشنوں کی طرف بھی گئی ہے اور انہوں نے فوری طور پر ان کی مرمت کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میٹرو سٹیشنز پر لائیٹس کی بحالی اور واش رومز کی صفائی کے انتظامات دیکھنے کے لیے حمزہ شہباز سرپرائز وزٹ کریں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کابینہ کی فہرست تیار ہے اور متوقع وزرا پہلے اپنے اپنے محکموں سے متعلق اپنی تیاری کر رہے ہیں جیسے ہی حلف سے متعلق لائحہ عمل طے کر لیا جائے گا ہر وزیر شہباز سپیڈ سے ہی کام کرے گا۔
حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ دیگر کاموں ابھی تک شہر کی صفائی، بغیر پروٹوکول لاہور کی سڑکوں پر مختلف جگہوں کے دورے بھی شامل ہیں اور وہ ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کر رہے ہیں۔ اور مختلف محکموں کے مسائل کے جائزے بھی لے رہے ہیں۔