’سعودی عرب شراب پر پابندی کے قوانین تبدیل نہیں کرے گا‘
سعودی معاون وزیر سیاحت نے ڈیوس مں مباحثے کے دوران سوالات کے جواب دیے( فوٹو سیدتی)
سعودی معاون وزیر سیاحت شہزادی ھیفا بنت محمد نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب شراب پر پابندی کے قوانین تبدیل نہیں کرے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مملکت نے اس پابندی کے باجود سیاحت کو فروغ دیا اورعالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی معاون وزیر سیاحت نے یہ وضاحت ڈیوس اکنامک فورم میں ’سعودی عرب ‘ مستقبل کا تصور‘ کےعنوان سے ہونے والے مباحثے میں کے دوران دی ہے۔
مباحثے کے دوران سوال کیا گیا کہ ’کہا جارہا ہے کہ سعودی عرب مستقبل کے شہر نیوم میں شراب پرعائد پابندی کے حوالے سے نظر ثانی کررہا ہے۔ یہ میڈیا رپورٹس کہاں تک درست ہیں‘؟۔
شہزادی ھیفا بن محمد نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ سعودی شفاف پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔ سعودی عرب موجودہ قوانین کا نفاذ جاری رکھے گا اور یہ قوانین اچھے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اعدادوشمار نے ثابت کردیا ہے کہ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے۔ تبدیلیوں کے بغیر کافی کچھ کیا جاسکتا ہے‘۔
یاد رہے کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ماتحت نیوم کمپنی نے اس سے قبل بیان میں کہا تھا کہ’ نیوم اقتصادی علاقہ ہے اور سعودی عرب کے ماتحت ہے یہاں سعودی قوانین نافذ ہوں گے۔ امن، دفاع اور سرحدی تحفظ کے حوالے سے جو قوانین مملکت کے دیگر مقامات پر نافذ ہیں وہی نیوم میں بھی ہوں گے‘۔