فلوٹنگ نیوم انڈسٹریل سٹی کہاں بنے گا، خصوصیات کیا ہیں؟
فلوٹنگ نیوم انڈسٹریل سٹی کہاں بنے گا، خصوصیات کیا ہیں؟
بدھ 17 نومبر 2021 5:30
2022 کے آغاز سے یہاں بڑے سرمایہ کار اور صنعت کار آنے لگیں گے۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیوم انڈسٹریل سٹی اوکساگون کے قیام کا اعلان ہوتے ہی یہ پوچھا جا رہا ہے کہ نیوم انڈسٹریل سٹی کیا ہے اور یہ کہاں بنے گا؟
اخبار 24 کے مطابق نیوم انڈسٹریل سٹی اوکساگون نیوم شہر کے جنوبی حصے میں قائم کیا جائے گا۔ مکمل بندرگاہ کے اطراف آبادی قائم ہوگی۔ لاجسٹک سروسز سینٹر ہوگا جہاں انڈسٹریل سٹی کے بیشتر لوگ رہائش پذیر ہوں گے۔
نیوم انڈسٹریل سٹی کا ڈیزائن منفرد ہے اور یہ ماحول دوست صنعتی شہر ہوگا۔ اسے دنیا بھر میں سب سے پہلے تیرتے صنعتی شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
سال 2022 کے آغاز سے یہاں بڑے سرمایہ کار اور صنعت کار آنے لگیں گے۔
نیوم انڈسٹریل سٹی پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے سمندر پر انحصار کرے گا۔
نیوم انڈسٹریل سٹی دی لائن سٹی کے فلسفے اور تصور کے مطابق قائم کیا جائے گا۔ دی لائن کا تعارف جنوری 2021 میں کرایا گیا تھا۔
نیوم انڈسٹریل سٹی نہر سویز کے قریب بحیرہ احمر میں قائم ہوگا اور اس کا محل وقوع مثالی ہوگا۔
یاد رہے کہ نہرسویز سے عالمی تجارت کا 13 فیصد کے قریب سامان گزرتا ہے۔
نیوم انڈسٹریل سٹی ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی دنیا بھر میں ترقی یافتہ بڑے لاجسٹک سینٹرز میں سے ایک ہوگا۔
نیوم انڈسٹریل سٹی دنیا بھر میں بندرگاہوں اوردرآمدات کے حوالے سے جامع ماحول دوست نظام کی بنیاد پر قائم کیا جائے گا۔ یہاں سو فیصد ماحول دوست توانائی کا استعمال ہوگا۔
انڈسٹریل سٹی میں7 سیکٹر ہوں گے۔ پانی کا منفرد نظام اپنایا جائے گا۔ خوراک کی پیداوار، صحت، خوشحالی، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انڈسٹریز ہوں گی۔ کمیونیکیشن، خلائی ٹیکنالوجی، روبوٹس اور جدید تعمیراتی طور طریقے اپنائے جائیں گے۔
نیوم انڈسٹریل سٹی تعلیم، ریسرچ اور ای آر آئی میں ماحولیاتی نظام اپنائے گا۔ یہاں دنیا کا سب سے بڑا گرین ہائیڈروجن پروجیکٹ لگایا جائے گا۔