Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی سرکاری یا نیم سرکاری وفد نے اسرائیلی صدر سے ملاقات نہیں کی: احسن اقبال

اسرائیلی صدر نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات کو اچھا تجربہ قرار دیا تھا۔ (تصویر: ڈبلیو ای ایف)
وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کسی سرکاری یا نیم سرکاری وفد نے اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ سے ملاقات نہیں کی۔
خیال رہے سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران 25 مئی کو اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا تھا کہ ان کی حال ہی میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات ہوئی تھی۔
ان کا اس ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں کہوں کہ وہ ایک بہترین تجربہ تھا کیونکہ اسرائیل میں اب تک پاکستانی رہنماؤں کا کوئی وفد نہیں آیا ہے۔‘
اسرائیلی صدر کی یہ ویڈیو پاکستانی سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور خصوصاً سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے اسرائیلی صدر کے بیان کو بنیاد بناکر موجودہ حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’امپورٹڈ حکومت‘ اور ان کے ساتھیوں نے امریکہ سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔

واضح رہے پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں ان کی حکومت امریکہ کے ساتھ مل کر اس وقت کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے گرائی تھی۔
پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ڈاکٹر ارسلان خالد نے اسرائیلی صدر کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کس ملک کے کہنے پر فلسطین کے مسلمانوں اور بانی پاکستان کے نظریے سے غداری کی جارہی ہے؟‘
اس ٹویٹ کو قوٹ کرتے ہوئے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے لکھا کہ ’پاکستان کے کسی سرکاری یا نیم سرکاری وفد نے ملاقات نہیں کی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ جس وفد کی بات اسرائیلی صدر کہہ رہے ہیں وہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں پر مشتمل تھا۔
پاکستانی وزیر نے حکومتی مؤقف پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’حکومت پاکستان کی پالیسی واضح ہے اور وہ ریاست اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتی۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔‘
خیال رہے پاکستان نے 1948ء لے کر آج تک سرکاری طور پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے اور نہ ہی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات ہیں۔

شیئر: