Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن: جنگل زون میں آنے والوں کے لیے نت نئے تجربے

جنگل زون میں آنے والے پسندیدہ جانوروں کا علامتی لباس پہن سکتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ سیزن میں مشرق وسطیٰ کا نایاب جنگل ٹریک تیار کیا گیا ہے جہاں آنے والے سایہ دار راستوں پر چلتے ہوئے مختلف جانوروں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ سیزن کے اس خاص زون جدہ جنگل میں آ کر لوگ نئے تجربات سے مستفید ہورہے ہیں۔

زائرین جانوروں سے انجانا خوف دور کر کے دلچسپ حقائق جان سکتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ جنگل کے زائرین جنگلی حیات کا خود تجربہ کرتے ہوئے محفوظ جیپ میں بیٹھ کر سفاری پارک کا سنسنی خیزتجربہ بھی کرسکتے ہیں۔
جدہ جنگل میں آنے والوں کے لیے اپنے پسندیدہ جانور کا لباس پہننا یا اس کا ماسک لگانا دلچسپ تفریحی اقدام ہے جس سے بچے اور نوجوان دونوں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
یہاں جانوروں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے سے ان کا رہن سہن انسانوں کے ساتھ دوستی اور منفرد معلومات علم میں وسعت کے ساتھ دلچسپی جانوروں کی پرورش میں حوصلہ افزائی پیدا کرتی ہے۔
سفاری گیم ڈرائیو پرآنے والے سیاح ٹور گائیڈ کے ساتھ مختلف قسم کے جنگلی جانوروں کا سامنا کرتے ہوئے ان کے بارے میں دلچسپ حقائق جان سکتے ہیں۔

زرافے کو قریب پا کر بات کرنے کی خواہش پوری ہو سکتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جنگل زون میں موجود ٹور گائیڈ نے شیروں کی زندگی کے بارے میں بتایا کہ یہ ایسا جانور ہے جو اپنے خاندان کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے۔ اس کی دھاڑ8 کلومیٹر دور تک سنی جا سکتی ہے۔
بنگال ٹائیگرز کے بارے میں بتایا گیا کہ اب دنیا میں ان کی  تعداد  تقریبا دو ہزار سے بھی کم رہ گئی ہےاور ان کے جسم پر دھاریاں انسانی انگلیوں کے نشانات کی طرح منفرد ہوتی ہیں۔
شیر کی مختلف نسل کا ذکر کرتے ہوئے ٹور گائیڈ نے بتایا کہ گولڈن ٹائیگر اب دنیا میں ناپید ہوتاجا رہا ہے اور دنیا میں ان کی تعداد انتہائی کم ہو رہی ہے جدہ جنگل میں ان میں سے تین موجود ہے۔
سفید شیر صرف اس صورت میں پیدا ہوتے ہیں جب ماں اور باپ کا جین ایک جیسا ہو اور یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ اس نسل کا سفید شیر دنیا میں پہلی مرتبہ 1938میں دیکھا گیا۔

جدہ سیزن کا جنگل زون نایاب پرندوں کی 200 اقسام کا مرکز ہے۔ فوٹو عرب نیوز

یہاں موجود ایک سعودی شہری 18سالہ فیصل الراحیلی نے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جدہ جنگل کے افتتاح کے بعد سے پانچ بار اس منفرد مقام کا دورہ کر چکے ہیں۔
فیصل نے بتایا کہ وہ جانوروں سے محبت رکھتے ہیں اور بچپن سے ہی وائلڈ لائف شوز اور جیو وائلڈ جیسے چینلز دیکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ  سفاری کا تجربہ جو مجھے یہاں میسر ہے میرے بچپن کے خواب کی خوبصورت تکمیل ہے۔
فیصل الراحیلی نے بتایا کہ اس زون میں جنگل ٹریک میرا پسندیدہ علاقہ ہے کیونکہ یہاں میں زرافے کے قریب جا کر اس سے بات کرنے کی اپنی خواہش پوری کر سکتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ جگہ مجھے اس لیے بھی پسند آئی ہے کہ یہاں جانوروں کے لیے اچھی خاصی گنجائش ہے اور ایک وسیع علاقہ ان کے لیے مخصوص ہے۔
یہاں آنے والے ایک زائر عمر کاکی کا کہنا ہے کہ چیتا اور شیر میرے پسندیدہ جانور ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے مجھے یہاں آنے کا موقع ملا ہےاس کے علاوہ  یہاں ہرن بھی موجود ہے۔
عمرکاکی جو طالب علم ہیں انہوں نے بتایا کہ جدہ جنگل میں آ کر منفرد تجربہ حاصل ہوا۔ ہمیں جیسے ہی پتہ چلا کہ سفاری پارک میں جانے کی خواہش کی تکمیل ہو سکتی ہے تو میں اپنے والدین کے ہمراہ یہاں آ گیا۔

 گولڈن ٹائیگر کی تعداد کم ہونے کے سبب اب دنیا میں ناپید ہوتا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ سیزن میں جنگل زون ایک بہت اچھا تجربہ ہے، آپ کو سفاری پر جانے اور جانوروں کو دیکھنے کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کی ضرورت نہیں ۔ آپ اپنے بچوں کو یہاں اپنے ملک میں جانوروں کو دیکھنے کے لیے لے جا سکتے ہیں۔
یہاں آنے والے ہندوستانی انجینئر محمد انیس نے پہلی بار اپنے اہل خانہ کے ساتھ جدہ کے جنگل زون کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میرے بچے جانوروں سے محبت کرتے ہیں اور اپنے خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کے لیے یہ بہترین جگہ ہے۔
جدہ سیزن کے جنگل زون میں آنے والے اپنے پسندیدہ جانوروں کا علامتی  لباس پہن سکتے ہیں یا پھر چہرے پر اس کا ماسک پہن سکتے ہیں۔
یہ ایک تعلیمی اور تفریحی اقدام ہے جہاں بچے اور نوجوان اپنے پسندیدہ جانوروں کے ملبوسات کے ڈیزائن میں مقابلہ کرتے ہیں۔
یہ ان کی حوصلہ افزائی بھی ہے کہ جانوروں کے بارے میں اپنےعلم میں اضافہ کریں اور جنگل زون کے رہنماوں سے نئی معلومات حاصل کریں، اس کے علاوہ کچھ جانوروں کے خوف کو دور کریں، ان کے ساتھ رہنا سیکھیں اور ان کے ساتھ دوست کی طرح برتاؤ کریں۔

سیاح یہاں سفاری پارک میں جانے کی خواہش کی تکمیل کر سکتے ہیں۔ فوٹو واس

جدہ سیزن کا جنگل زون جنگلی حیات کی تقریباً ایک ہزار اقسام کے ساتھ ساتھ نایاب پرندوں کی 200 اقسام کامرکز ہے۔
یہاں پر مختلف سیکشن بنائے گئے ہیں جن میں سے ایک رینگنے والے جانور کا سیکشن، پرندوں کا سیکشن، مختلف نسل کے کتوں کے سیکشن کے علاوہ دیگر تفریحات اور خدمات کے سیکشن بھی موجود ہیں۔
جدہ جنگل زون میں ٹرام سٹیشن، ایلیفنٹ انکلوژر، لائٹنگ گارڈن، لوکالینڈ، دی ایویری، ٹیکسڈرمی میوزیم، ریپٹائل لینڈ، فارم، سفاری گیم ڈرائیو، جنگل ٹریک کے ساتھ ایک پارک بھی بنایا گیا ہے۔
یہاں موجود پارک میں ایڈونچر زون، بچوں کے کھیل کا میدان، اوپن تھیٹر، تیراندازی کے مقابلے کا کاونٹر، پینٹ بال کاسٹال اور اسی طرح کی دیگر ورکشاپس کے زون  بھی شامل ہیں۔
 

شیئر: