ریاض سیزن میں پندرہ ملین سے زیادہ افراد کی شرکت کا ریکارڈ قائم ہوا۔ فوٹو: عرب نیوز
بحیرہ احمر کے ساحلی شہر میں منعقد ہونے والے جدہ سیزن 2022 میں شرکت کرنے والوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے ثقافتی، روایتی تقریبات اور مختلف فنکاروں کی جانب سے تفریحی پروگرام بڑی تعداد میں تیار کیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس سالانہ تہوار کے سلسلے میں پرنس ماجد پارک میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں ایک کارنیوال طرز کی پریڈ کا اہتمام تھا جس میں سٹیلٹ واکرز اور کرتب دکھاتے ہوئے یونیسیکل سوار شامل تھے۔
جدہ کے الربوہ علاقے میں پرنس ماجد پارک شہر کے اہم پرکشش مقامات میں ہے اور جدہ سیزن میں شامل نو مقامات میں سے ایک ہے، یہاں آنے والوں کے لیے داخلہ مفت ہے۔
یہاں ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں لائیو پرفارمنس، ثقافتی داستانیں، بچوں کے لیے تفریحی تقریبات، شاپنگ بوتھ، چیلنجز اور گیمز کے لیے کارنیوال پریڈ کے علاوہ آنے والوں کے لیے ہارر ہاؤس کے تجربے سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ایک لاکھ 40 ہزار مربع میٹر کے رقبے پراس پارک کی تعمیر پر تقریباً 80 ملین ریال لاگت آئی ہے اور یہاں 54 ہزار زائرین کی گنجائش موجود ہے۔
جدہ کے اس خوبصورت پارک میں داخل ہونے والوں کے استقبال کے لیے ہلکی موسیقی پر مچلتا ہوا 30 میٹر اونچا فوارہ رنگ برنگی روشنیوں کے ساتھ موجود ہے۔ اس کے ساتھ 9730 میٹر رقبے پر بچوں کے لیے مختلف کھیلوں کا علاقہ ہے۔
واکنگ ٹریک 900 میٹر لمبا ہے اور سائیکلنگ ٹریک 1800 میٹر پر محیط ہے، ان راستوں پر 918 مختلف نوعیت کے درخت لگائے گئے ہیں جب کہ کھجور کے 382 درخت بھی خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔
یہ شجرکاری سعودی وژن 2030 کے اہداف کی جانب ایک قد م ہے جو اس تفریحی مقام کو پرفضا اور ماحول دوست بناتی ہے۔
شجرکاری کے تصور سے متعارف کرانے کے لیے پارک میں فیصل الشعلان نامی ایک نوجوان نے سٹال سجا رکھا ہے جس میں آنے والوں کو زراعت اور باغبانی کی اہمیت کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔
فیصل الشعلان نے بتایا ہے کہ میں نے زراعت کے اندرونی اور بیرونی ماحول پر اثرات اور اس کی اہمیت کے تصور کو ثقافتی منصوبے میں تبدیل کر دیا ہے۔
یہ اس لیے ہے کہ یہاں آنے والے بچوں کو مفید مشاغل کے طور پراپنی توانائیاں صحت مند سرگرمیوں پر صرف کرنی چاہیئں جس سےارد گرد کے ماحول کو بھی فائدہ ہو۔
شجرکاری کا شوق، پودوں کی دیکھ بھال اور انہیں مناسب وقت پر پانی دینا بچوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے اور ان کی کردار سازی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ جدہ میں منعقد ہونے والا دوسرا سالانہ سیزن ریاض سیزن کی کامیابی کے بعد منعقد ہو رہا ہے۔ ریاض سیزن میں پانچ مہینوں کے دوران پندرہ ملین سے زیادہ زائرین کی شرکت کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
جدہ سیزن سعودی سیزن کے اقدام کا حصہ ہے جو مملکت میں رہنے والوں کی زندگی کو بہتر بنانے اور مملکت کو اہم عالمی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں