Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سیزن میں جنگل زون شائقین کے خیرمقدم کے لیے تیار

پارک میں ہزار سے زائد مختلف جنگلی مخلوق کے لیے جگہ محفوظ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ سیزن 2022 میں جدہ جنگل زون  دیکھنے والوں کو منگل سے خوش آمدید کہے گا، یہاں آنے والوں کو مملکت کے سب سے بڑے چڑیا گھر میں حیران کن اور دلچسپ تجربات حاصل ہوں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ جنگل پارک میں ایک ہزار سے زائد مختلف قسم کی جنگلی مخلوق کے لیے جگہ محفوظ ہے جن میں کئی جنگلی جانوروں کی عمر ڈیڑھ سو سال سے زائد ہے۔

 افریقی ماحول سے متاثر ہو کر قدرتی جنگل کے رنگوں میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ جنگل پارک میں 8000 میٹر رقبے پر بند علاقے میں 200 سے زائد اقسام کے نایاب پرندے موجود ہوں گے۔
جدہ جنگل زون یہاں آنے والوں کو جنگلی حیات کو قریب سے دیکھنے کے ساتھ دیگر مشاغل اور بچوں کے لیے مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ  جنگلی جانوروں کے بارے میں بہت کچھ جاننے اور معلومات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس پارک میں بچوں کے لیےلائیو شوز، پرفارمنس اور دیگر تفریحات کے ساتھ تخلیقی ورکشاپس بھی قائم کی گئی ہیں۔
یہاں پر ریستوران کے علاوہ مختلف کھیلوں کے میدان، گھومنے پھرنے، مہم جوئی کی سرگرمیوں کے ساتھ ایک تھیٹر بھی بنایا گیا ہے جہاں روزانہ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔

مملکت کے بڑے چڑیا گھر میں خوبصورت اور نایاب پرندے ہوں گے۔ فوٹو ٹوئٹر

جدہ جنگل مخصوص افریقی ماحول فراہم کرے گا کیونکہ اس علاقے کو افریقی ماحول سے متاثر ہو کر قدرتی جنگل کے رنگوں کے ساتھ تخلیق اور ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس کا مقصد یہاں آنے والوں کو فطرت کے قریب ترین تفریح ​​کے ناقابل فراموش اور شاندار تجربات فراہم کرنا ہے۔
دریں اثنا جدہ سیزن میں آنے والوں کے لیے جوش و جذبے کو ابھارنے کے کئی شاہکار تخلیق کئے گئے ہیں جو یہاں آنے والے بچوں اور ان کے والدین کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
جدہ سیزن کے اس علاقے میں مختلف گزرگاہیں سیاحوں کے لیے دلچسپ شوز، آرٹ کےتجربات اور تھیٹر میں دلچسپ تفریحات لیے ہوئے ہے۔
یہاں پر ہونے والی دیگر سرگرمیوں میں واٹر شو کے علاوہ فائر شو، فضائی کرتب بھی ہوں گے۔
 

شیئر: