مسجد الحرام میں زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
مسجد الحرام میں زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
اتوار 29 مئی 2022 18:13
انتطامیہ مثالی خدمات کی فراہمی میں پیش پیش رہی ہے( فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے مصنوعی ذہانت پرمشتمل جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زائرین کومثالی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام کی انتطامیہ ہمیشہ سے زائرین کے لیے مثالی خدمات کی فراہمی میں پیش پیش رہی ہے۔
ادارہ امور حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مصنوعی ذہانت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے زائرین کی معلومات اور انہیں مختلف مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کےلیے متحرک روبوٹس بھی متعارف کرائے ہیں۔
بڑی سمارٹ سکرین پرمشتمل روبورٹس کے ذریعے زائرین عمرہ اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے شرعی مسائل دریافت کرسکتے ہیں۔
انتظامیہ نے مسائل کی دریافت کےلیے 11 زبانوں کی سہولت فراہم کی ہے جن میں عربی، اردو، انگلش، فرانسی، فارسی، ترکی، ملاوی، چینی، بنگالی، ھوساوی شامل ہیں۔
مختلف زبانوں کے زائرین اپنی زبان کا انتخاب کرکے روبوٹس کے ذریعے براہ راست ماہرین علوم دینیہ سے اہم مسائل کے بارے میں دریافت کرسکتے ہیں۔
روبوٹس کی ڈیجیٹل سکرین 21 انچ ہے جو ٹچ سسٹم سے کام کرتی ہے۔ ربورٹس مخصوص روٹس پرگھومتے رہتے ہیں۔ سکرین میں نصب انتہائی حساس کیمرے اور سینسرز روبوٹس کی نقل وحرکت کو مزید آسان بناتے ہیں۔