مسجد الحرام میں فتوی خدمات سے آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا چکے
مسجد الحرام میں فتوی خدمات سے آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد فائدہ اٹھا چکے
ہفتہ 21 مئی 2022 19:03
سعودی عرب مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں شرعی مسائل کے حوالے سے فراہم کی جانے والی فتوی خدمات سے رواں برس کے آغاز سے اب تک آٹھ لاکھ سے زائد افراد مستفیض ہوچکے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رواں برس کے آغازمیں شرعی مسائل دریافت کرنے کے لیے مختلف زبانوں کے ماہرین علوم شریعہ کی خدمات فراہم کی ہیں جو وہاں آنے والوں کے مسائل سن کران کا شرعی بنیاد پرجوابات دیتے ہیں۔
مسجدالحرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’اعداد وشمار کے مطابق رواں برس جب سے یہ خدمت فراہم کی گئی اب تک آٹھ لاکھ سے زائد افراد نے مفتی حضرات سے براہ راست رابطہ کرکے مسائل دریافت کیا جبکہ چھ لاکھ سے زیادہ افراد نے ٹیلی فون پرمسائل معلوم کیے‘۔
شرعی مسائل سے آگاہی فراہم کرنے کےلیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے 62 ماہرین علوم دینہ جن میں یونیورسٹیوں کے پروفیسرز و فقہی علوم کے ماہرین شامل ہیں کی خدمات خصوصی طور پرفراہم کی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام کے دس مقامات پر ماہرین کو متعین کیا گیا ہے جبکہ اردو سمیت گیارہ زبانوں میں مسائل معلوم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موبائل سمارٹ سکرینز جنہیں ’روبوٹ سروس‘ کہا جاتا ہے بھی فراہم کی ہے جن کے ذریعے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرموجود وہ افراد روبوٹ سروس سے مستفیض ہوسکتے ہیں جو ماہرین علوم کی جگہ تک نہیں پہنچ سکتے۔
اس ضمن میں مسجد الحرام میں خواتین کےلیے مخصوص حصہ میں بھی روبوٹ سروس فراہم کی گئی ہے تاکہ خواتین اپنی زبان کا انتخاب کرکے مسائل معلوم کرسکیں۔