محکمہ احوال مدنیہ کی مملکت میں 31 مقامات پر موبائل سروس
نئی سروس کا آغاز اتوار کو قصیم ریجن میں کیا ہے (فوٹو اخبار 24(
سعودی عرب میں محکمہ احوال مدنیہ (برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والا ادارہ) نے مملکت میں31 مقامات پر موبائل سروس فراہم کی ہے۔
احوال مدنیہ نے ’ہم آپ کے پاس پہنچ رہے ہیں‘ کے عنوان سے خصوصی اقدام کیا ہے۔ اس کے تحت دوردراز بستیوں، تحصیلوں اورکمشنریوں کے باشندوں کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ احوال مدنیہ کےموبائل یونٹس نے نئی سروس کا آغاز اتوار کو قصیم ریجن میں کیا ہے۔
موبائل یونٹ نے ساق ثانویہ سکول میں خواتین کو برتھ سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کی، یہ سکول یہ قصیم ریجن کی عنیزہ کمشنری میں واقع ہے۔
موبائل یونٹس مختلف مقامات پر مقررہ نظام الاوقات کے مطابق سہولتیں فراہم کریں گے۔ عنیزۃ، بریدہ، طائف، عسیر، باحہ، القری، الشرقیہ، الجوف، جازان، القریات، حائل وغیرہ میں قومی شناختی کارڈ کے اجرا اور تجدید کی سہولت دی جائے گی۔
مملکت کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ احوال مدنیہ نے سعودی شہریوں کو ان کے گھر، سکول اور دفتر تک پہنچ کر قومی شناختی کارڈ اور برتھ سرٹیفکیٹ وغیرہ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے وقت کی بچت کے ساتھ شہریوں کو پریشانی سے بھی راحت مل رہی ہے۔