تارکین اپنے بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ کیسے بنوائیں اور اقامہ میں اندراج کیسے کرائیں؟
تارکین اپنے بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ کیسے بنوائیں اور اقامہ میں اندراج کیسے کرائیں؟
پیر 8 فروری 2021 0:10
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
اقامہ میں درج کرانے کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہے جس کے بعد نومولود کا اقامہ جاری کروایا جا سکتا ہے: فوٹو فری پکس
سعودی عرب وزارت داخلہ کے قوانین کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کا اجرا اور ان کی تجدید محکمہ جوازات کے ذمہ ہے جبکہ تارکین کے اہل خانہ انکی زیر کفالت ہوتے ہیں۔
مملکت میں پیدا ہونے والے تارکین کے بچوں کے لیے اقامہ بنوانے کے مراحل انتہائی آسان ہیں تاہم مکمل دستاویزات ہونا بنیادی شرط ہے جسے ہر حال میں پورا کرنا ہوتا ہے۔
برتھ سرٹیفکیٹ
ولادت کے بعد ہسپتال سے ابتدائی پیدائش کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جسے عربی میں ’تبلیغ ولادہ ‘ کہتے ہیں۔
نومولود کی رجسٹریشن کے لیے ادارہ ’الاحوال المدنیہ‘(سول افئیرز) سے رجوع کرنا ہو گا۔
احوال المدنیہ جانے سے قبل ابشر اکاونٹ سے پیشگی وقت لینا زیادہ بہتر ہوتا ہے کیونکہ موجودہ کورونا کے حالات کی وجہ سے ادارے کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر وقت لینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ادارہ احوال المدنیہ میں برتھ سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست جمع کرانے سے قبل بعض امور کا خیال رکھنا لازمی ہے۔
جن میں مقررہ دستاویزات جن میں نومولود کے والدین کے پاسپورٹ، اقامے اور اس کی کاپی۔ جس ہسپتال میں بچے کی ولادت ہوئی وہاں سے جاری کیا جانے والا عارضی برتھ سرٹیفکیٹ جسے تبلیغ ولادہ کہتے ہیں ساتھ ہونا لازمی ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کی جانے گئی درخواست کوبھرنے کے بعد اپنے مقررہ وقت پر ادارہ جا کروہاں درخواست فارم کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی جاتی ہیں۔
ادارہ الاحوال المدنیہ سے ایک برس کے لیے عارضی سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جس کا مقصد نومولود کو ایک برس کے اندر مقررہ ٹیکوں کا کورس کرانا لازمی ہے۔
ایک برس کے بعد بچے کو مستقل پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری ہوتا ہے جس کے اجرا کے لیے عارضی جاری کردہ برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ وزارت صحت کے مرکز یا منظور شدہ نجی ہسپتال سے لگائی جانے والی ویکیسن کا ریکارڈ ہونا لازمی ہے۔
اقامہ میں بچوں کا اندراج
جوازات کے قانون کے مطابق کسی بھی تارکین وطن کے بچوں کو اقامہ میں اس وقت تک درج نہیں کیا جاتا جب تک ان کا ادارہ الاحوال المدنیہ کی جانب سے ایک برس کے لیے عارضی برتھ سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا گیا ہو۔
اقامہ میں درج کرانے کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہے جس کے بعد نومولود کا اقامہ جاری کروایا جا سکتا ہے۔