احوال المدنیہ کے اہلکار کی غفلت ، دستاویزات میں شہری کو مردہ لکھ دیا
ریاض.... احوال المدنیہ کے اہلکار کی غفلت ، شہری مشکلات میں مبتلا ہو گیا ۔زندہ شخص کوسرکاری کاغذات میں مردہ ظاہر کر دیا گیا۔ عاجل ویب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی شہری منصور الدرسونی نے کہا کہ وہ اپنے نومولو د کا اندراج کرانے احوال المدنیہ کے ادارے گیا تاکہ بچے کا پیدائشی سرٹیفیکٹ حاصل کر سکے ۔ الدرسونی نے اسپتال کے کاغذات اور دیگر معلومات اہلکار کو فراہم کیں جس نے انتظار کر نے کا کہا جب اسکی باری آئی تو یہ دیکھ کر اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی کہ وہ اپنے نومولود بچے کی پیدائش کا اندراج کرانے آیا تھا مگر یہاں تو اہلکار نے اسے ہی مردہ قرار دیکر اس کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کردیا جس سے سرکاری اداروں میں اسکا پرسنل اکاﺅنٹ منجمد ہو گیا ۔ متاثرہ شہری منصور الدرسونی نے مزید بتایا کہ معاملے کی شکایت جب ادارے کے سربراہ سے کی تو اس نے معذرت کرتے ہوئے غلطی کی درستگی کے لئے دوسرے اہلکار کی ذمہ داری لگائی مگر کئی دن گزرنے کے باوجود جب اسکا معاملہ درست نہ ہوا تو اس نے ادارے سے رجوع کیا جہاں سے جواب ملا کہ سرکاری ریکارڈ میں تم مردہ ہو اس لئے کوئی بات نہ کرو گھر میں انتظار کرو جب معاملہ درست ہو جائے گا تو ٹیلی فون پر تمہیں مطلع کر دیا جائے گا ۔ الدرسونی کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے کے مرکزی کمپیوٹر میں اسکا پرسنل اکاﺅنٹ بند ہونے سے اسے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اہل خانہ کو اسپتال لے جانے کےلئے فیملی کارڈ درکار ہوتا جو احوال المدنیہ والے ادارے میں جمع ہے جب تک اسے فیملی کارڈ نہیں ملے گا اس کا پر سنل اکاﺅنٹ جو منجمد ہو چکا ہے بحال نہیں ہو سکتا ۔