مملکت کے چار علاقوں میں بارش اور درجہ حرارت بڑھنے کا امکان
آئندہ بدھ کو اس سال حقیقی موسم گرما کا پہلا دن ہوگا(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے اس ہفتے مملکت کے چار علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’اس ہفتے مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور باحہ کے بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’تبوک، الجوف، حدود شمالیہ اور حائل ریجن جمعرات اور جمعے کو گرد آلود تیز ہواؤں کی زد میں ہوں گے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ پیر اور منگل کو مشرقی ریجن اور ریاض ریجن کے مشرقی مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ ان کا رخ شمال کی جانب ہوگا۔
قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا کہ’ جمعہ اور سنیچر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اندرونی علاقوں اور مشرقی ریجن کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔‘
بیان کے مطابق’ آئندہ بدھ کو اس سال حقیقی موسم گرما کا پہلا دن ہوگا۔ اس روز مملکت کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہوگا‘۔