Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی 8 رُکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

نومنتخب کابینہ ارکان کی وزارتوں کا تعین ابھی باقی ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نئے گورنر بلیغ الرحمان کے عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹے بعد وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی کابینہ کے آٹھ ارکان نے حلف اٹھا لیا۔
پیر کو رات گئے گورنر ہاؤس میں صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے صوبائی وزرا  سے حلف لیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شرکت کی اور صوبائی وزرا کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔
حلف اٹھانے والے وزرا میں رانا محمد اقبال خان، سردار اویس خاں لغاری، ملک محمد احمدخاں، خواجہ سلمان رفیق، سید حسن مرتضیٰ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری بلال اصغر اور علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے حلف برداری کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’خلقِ خدا کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ ہم نئے جذبے سے آگے بڑھیں گے۔‘
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کافوری حل پہلی اور آخری ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں نئے گورنر کی سمری کو صدر کی جانب سے رواں ماہ دو بار مسترد کیا گیا جس کے باعث آئینی بحران پیدا ہوا اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اپنی کابینہ تشکیل دیے بغیر ہی کام کرتے رہے۔

حلف اٹھانے والے وزرا ک تعلق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)

پیر کی شام صدر عارف علوی کی جانب سے پنجاب میں محمد بلیغ الرحمان کو گورنر لگانے کی سمری منظور کیے جانے کے بعد صوبائی حکومت کی تشکیل مکمل ہو گئی۔

شیئر: