ریاض: انڈس کلچر کی طرف سے سندھی ثقافتی تقریب کا اہتمام
ویلفیئر اتاشی عبد الشکور شیخ کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم ریاض کی جانب سے پروقار فیملی تقریب کا اہتمام شہرِریاض کے ایک خوبصورت استراحہ میں کیاگیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفارتخانہ پاکستان ریاض کے کمرشل ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔ انڈس فورم کے صدر اسد اللہ جتھیال نے نظامت کے فرائض سنبھالتے ہوئے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فورم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انڈس فورم کا قیام 2010 میں عمل میں آیا اور اس کا بنیادی مقصد دیارِغیر میں مقیم کمیونٹی کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے اور میل ملاپ کا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ انڈس فورم کے بانی رکن غلام قادر ملاح نے CPEC کے حوالے سے ایک مفصل اورجامع رپورٹ پیش کی، جسے ناظرین نے بڑی دلچسپی سے سنا اور سوال وجواب بھی کئے۔ اس کے بعد فورم کے ایگزیکٹو ممبر رشید سرکی نے "لطیف شناسائی" کے عنوان سے صوبہ سندھ کے عظیم شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے اشعار پر مبنی ایک معلوماتی مقابلہ کروایا۔ ڈاکٹر اسماعیل میمن نے بھٹائی کو انتہائی خوبصورت الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ صاحب نے اپنے کلام میں ہر جگہ انسانیت اور محبت و اخوت اور رواداری کا درس دیا ہے۔ فورم کے ایگزیکٹو ممبران ذیشان قاضی اور ڈاکٹر مصطفیٰ میمن نے سندھی ادب کی کہاوتوں پر مبنی کوئز مقابلہ کرایا اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پروگرام میں محفلِ موسیقی کا بھی اہتمام تھا جس میں طائف سے خصوصی طور پرآنے والے گلوکار بہرام خان نے بہت ہی خوبصورت انداز سے اپنی آواز کا جادو جگایا۔تقریب میں خواتین کے گوشے میں ڈاکٹر حناعنبرین طارق نے نظامت کے فرائض سرانجام دئیے۔ انہوں نے خواتین اور بچوں میں ثقافتی ملبوسات کے مقابلے بھی کرائے اور جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کے لئے میجک شو بھی منعقد کیا گیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ تقریب میں ہر مقام پر سندھی ثقافت و تہذیب کے رنگ نمایاں تھے۔ پروگرام کے اختتام پرمہمانوں کے لئے انتہائی پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔