ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری
شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے ماحولیات، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی خدمات کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منگل کو جدہ کے قصر السلام میں کابینہ کے اجلاس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ نے ڈیوس ورلڈ اکنامک فورم، عالمی ادارہ صحت کی جنرل اسمبلی، ڈریگن گروپ کے سالانہ اجلاس اور قدرتی آفات کے خطرات پر کنٹرول کے لیے عالمی فورم میں سعودی عرب کی شرکت اور ان پلیٹ فارموں سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مملکت کی کوششوں اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے، عالمی سطح پر حفظان صحت کے فروغ، انصاف، سماج، ملازمتوں، مہارتوں، ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور کاروباری ماحول کی بہتری نیز زیادہ مبنی برانصاف معیشتوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘۔
کابینہ کو یونانی وزیراعظم کی جانب سے ولی عہد کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے، دونوں دوست ملکوں کے تعلقات اور متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات پر بات چیت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر مملکت و رکن کابینہ و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرعصام بن سعد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ ’کابینہ نے گزشتہ دنوں مملکت کی خارجہ پالیسی پر خصوصی رپورٹ کا جائزہ لیا جس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب دنیا کے مختلف ملکوں اور تنظیموں کے ساتھ تعاون کے رشتے مضبوط بنانے اور انہیں عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے اور مملکت کے علاقائی و بین الاقوامی قائدانہ کردار کے استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
کابینہ نے سیاحت کے شعبے میں مملکت کی کامیابیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ مملکت نے سیاحتی شعبے کے گراف میں عالمی سطح پر 33 ویں پوزیشن حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔
سعودی کابینہ نے ریاض میں کنگ سلمان پارک کے تحت رائل آرٹ کمپلیکس کے آغاز پر پسندیدگی کاا ظہار کیا اور کہا کہ اس سے سعودی وژن 2030 کے ا ہداف بھی پورے ہوں گے۔
کابینہ نے وزیر داخلہ کو الجزائر کے ساتھ شہری دفاع کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وزیر ثقافت کو بحرین کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، وزیر سیاحت کو کوسٹا ریکا کےساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے۔
کابینہ میں وزارت اطلاعات، جیولوجیکل سروے بورڈ، بین الاقوامی سٹراٹیجک شراکت کے سعودی مرکز، ایس پی اے، پبلک مینجمن انسٹی ٹیوٹ اور محکمہ خفیہ کی سالانہ رپورٹیں بھی پیش کی گئی ہیں۔