جو اپنے آپ کو انقلابی لیڈر کہتا تھا، وہ اب ضمانتی لیڈر ہے: مریم نواز
مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ابھی تو عمران خان کو کسی نے کچھ کہا ہی نہیں۔ جو اپنے آپ کو انقلابی لیڈر کہتا تھا، وہ اب ضمانتی لیڈر ہے۔ اس سے راہداری ضمانت لے لی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’آج میں بڑے دکھی دل کے ساتھ آپ سے مخاطب ہوں۔ میں نے رات کو فتنہ خان کے بیانات سنے جس سے پوری قوم غصے میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں وزیراعظم اور حکومت پاکستان سے اپیل کروں گی کہ وہ دماغی و نفسیاتی امراض کے ماہرین کا بورڈ بنائیں جو عمران خان کا دماغی معائنہ کریں۔‘
’ایسے شخص کا پاکستان میں کھلے عام گھومنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔‘
’عمران خان اقتدار کے کھو جانے پر اتنا دل گرفتہ ہے جو اس کا کبھی تھا ہی نہیں۔ وہ مینڈیٹ اس نے عوام سے چھینا تھا۔ آج وہی مینڈیٹ عوام نے اس سے واپس چھین لیا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’یہ(عمران خان) پہلا شخص ہے جو اقتدار کے پہلے 30 دنوں میں ناکام ہوا اور اپوزیشن میں آںے کے بعد بھی یہ بری طرح ناکام ہے۔ اس ناکامی کا بدلہ یہ آج ریاست پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔‘
انہوں نے سوال پوچھا کہ ’یہ تین ٹکڑوں کا ایجنڈا کس کا ہے؟ یہ ایجنڈا آپ کو کس نے دیا ہے؟ ملک کے نہیں اس کی جماعت کے تین سو ٹکڑے ہوں گے۔‘
’آپ نے کہا کہ اگر میرا اقتدار نہ ہو تو پاکستان کے تین ٹکڑے۔ آپ کی ہمت کیسے ہوئی یہ بات کہنے کی۔‘
انہوں نے کہا ’ایٹمی اثاثوں سے متعلق بات عمران خان نے پہلے بھی کی تھی۔‘
’جب پاکستان ایٹم بم بنا رہا تھا ، اس وقت یہ بیرون ملک عیاشی کر رہا تھا۔ عمران خان کو کیا حق ہے کہ وہ پاکستان کی ایٹمی پروگرام کے بارے میں بات کرے۔‘