Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سپر ڈوم میں مقامی مصنوعات اور گھریلو سامان کی نمائش

نمائش کا مقصد دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی مدد اور خدمت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے شہزادی عدیلہ بنت عبداللہ کی سرپرستی میں جدہ  کے سپرڈوم میں مقامی مصنوعات اور گھریلو سامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ یہ نمائش جدہ سیزن کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیشنل ہوم ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 'بساط الریح' کے عنوان سے21 ویں سالانہ نمائش ہے، اس غیرمنافع بخش نمائش کا مقصد دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی مدد کرنا ہے۔

بین الاقوامی معروف خیراتی ادارے بھی شرکت کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن شہزادی عدیلہ بنت عبداللہ نے بتایا کہ بساط الریح نمائش فاؤنڈیشن کے لیے آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہے، اس آمدنی سے مملکت کے دس مختلف شہروں میں ضرورت مند مریضوں کی مدد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نمائش میں شامل تمام  بڑے اور نئےبرانڈز کی شمولیت کے باعث ثقافتی اور اقتصادی پروگرام کے انعقاد پر ہمیں  بہت فخر ہےجس سے ہمارا مقصد پورا ہونے میں مدد ملتی ہے۔
بساط الریح میں 180 سے زائد برانڈز نے شرکت  کی ہے، جن میں مقامی گھریلو مصنوعات جیسے گھریلو ضروریات کی اشیاء، زیورات، خوبصورت سجاوٹ، کھانے کی مصنوعات اور مملکت  کے ورثے سے متعلق دیگر اشیاء شامل ہیں۔
شہزادی عدیلہ نے بتایا کہ نمائش میں ہمیشہ سعودی برانڈز کو شرکت کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے تاہم کاروبار کو ترقی دینے کے لیے دوسرے برانڈز بھی حصہ لے رہے ہیں جس سے ایک دوسرے کو جاننے اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

آمدنی سے دس شہروں میں ضرورت مند مریضوں کی مدد کی جائے گی۔ فوٹو عرب نیوز

اس نمائش کا مقصد  دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی مدد کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت ہے اور سوسائٹی کی خواتین یہاں آئیں اور اس کی حوصلہ افزائی کریں۔
نمائش میں مختلف کاروباری اداروں کے ساتھ  مقامی اور بین الاقوامی معروف خیراتی ادارے اور آرٹس کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں۔
21 ویں بساط الریح میں موجود ایک رضاکارخاتون ریناد الدمہ نے بتایا کہ آرٹ ورک فاؤنڈیشن کے تعاون سے 28 فنکاروں کا گروپ بھی نمائش میں حصہ لے رہا ہے جن میں زیادہ تر سعودی اورعرب خواتین ہیں جب کہ ایک کا تعلق امریکہ سے ہے۔
نمائش میں رکھی گئی تمام اشیاء انسانی صحت، ثقافت، خوبصورتی اور زندگی کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتی  ہیں۔
نمائش میں اپنے تصوراتی فن پارے کی نمائش کرنے والے سعودی خطاط احمد جدوی نے کہا کہ میں اپنے فن کے ذریعے صحت  کی اہمیت پر روشنی ڈالنا چاہتا تھا  ، مجھے اندازہ ہے کہ صحت انمول نعمت ہے جب کہ  بہت سے لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے۔

آرٹ ورک پر QR کوڈ  سے مزید معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی خطاط نے مزید بتایا کہ میں نے عربی رسم الخط  میں لفظ 'صحت' کے حروف لکھ کرعلامتی طور پر اس کی اہمیت اجاگر کی ہے۔
یہاں موجود ہر آرٹ ورک پر ایک QR کوڈ درج ہے، اسے سکین کر کے کسی بھی نادر نمونے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
نمائش کی سربراہ اور نیشنل ہوم ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کی نائب صدرعبیر قبانی نے بتایا کہ اس نمائش سےہونے والی آمدنی ان لوگوں کی طبی، جذباتی، نفسیاتی اور سماجی بہبود سے متعلق مختلف خدمات کو پورا کرے گی جو دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اس کےعلاوہ فاؤنڈیشن کے دیگر پروگراموں اور سرگرمیوں میں مدد کے لیے بھی یہ فنڈز استعمال کیا جائے گا۔
بساط الریح نمائش میں منگل سے جمعہ تک صرف خواتین کے لیے ہو گی جب کہ اہل خانہ کے ہمراہ  ہفتہ کے روز شام ساڑھے 4 بجے سے رات 12 بجے تک کھلی رہے گی۔
 

شیئر: