Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں موٹر سائیکل بھی مہنگے، سی ڈی 70 کی قیمت لاکھ سے بڑھ گئی

موٹر سائیکل اسمبلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ ڈالر کے مہنگا ہونے کو قرار دیا۔ فوٹو: اٹلس ہنڈا فیس بک
پاکستان میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے بعد موٹر سائیکل بنانے والی کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 
اٹلس ہونڈا کی جانب سے یکم جون سے مختلف ماڈلز میں قیمت میں 11 ہزار سے 35 ہزار تک اضافہ کیا گیا ہے۔ 
قیمتوں میں اضافے کے بعد ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت 94 ہزار 900 سے بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار 500 روہے ہو گئی ہے جبکہ سی ڈی ڈریم کی قیمت ایک لاکھ 13 ہزار 500 ہو گئی ہے۔ 
ہنڈا 100 کی قیمت میں ساڑھے 14 ہزار جبکہ سی ڈی 125 کی قیمت ایک لاکھ 68 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔  
دوسری جانب سی جی 125 ایس ای کی قیمت ایک لاکھ 93 ہزار 500 روپے سے ایک لاکھ 98 ہزار 500 روپے پر پہنچ چکی ہے جبکہ سی بی 125 ایف کی نئی قیمت 2 لاکھ 53 ہزار 900 ہو گئی ہے۔ 
پاکستان سٹار آٹو موبائل لمیٹڈ کی جانب سے بھی 5 جون سے 100 سے 150 سی سی تک موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 7 ہزار روپے اضافہ کیا جا رہا ہے۔  
ڈی ایس موٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی 5 جون 2022 سے 125 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 10 ہزار روپے اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ 

خام مال اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھیں

موٹر سائیکل اسمبلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ نے حالیہ قیمتوں میں اضافے عالمی مارکیٹ میں خام مال مہنگا ہونے اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کو قرار دیا ہے۔
صابر شیخ کے مطابق دھات،المونیم اور پلاسٹک کی قیمت عالمی مارکیٹ میں بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ سے موٹر سائیکل بنانے کی لاگت میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے جب کہ ڈیوٹی ڈالر کے حساب سے دی جاتی ہے۔  

پاکستان میں موٹر سائیکل بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ فائل فوٹو: اٹلس ہنڈا فیس بک

واضح رہے کہ ہنڈا کمپنی کی جانب سے رواں سال کے آغاز سے ہی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے تحت یکم جون کو ہونے والی قیمتوں کا اضافہ چوتھا اضافہ ہوگا۔ 
صابر شیخ کے مطابق پچھلے 20 سالوں سے پاکستان میں موٹر سائیکل بنانے کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ حکومت اس صنعت پر ٹیکس میں کمی لا کر کم آمدن والے افراد کو سہولت دے سکتی ہے۔

شیئر: