Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موٹر سائیکل پر عمرے کے لیے مکہ جانا میرا خواب تھا: ابرار حسن

ابرار حسن نے سعودی عرب کے عوام کے ’پرتپاک استقبال‘ اور انہیں ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: ابرار حسن)
پاکستانی بائیکر اور وی لاگر ابرار حسن 80 سے زائد ممالک کا سفر کرچکے ہیں، جن میں سے کم سے کم 12 ممالک کا سفر انہوں نے موٹرسائیکل پر کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رواں سال ابرار حسن نے فیصلہ کیا کہ ان کا اپنے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
ان کا یہ خواب تھا عمرے کی ادائیگی کے لیے موٹر سائیکل پر سعودی عرب جانا۔
رواں سال نو فروری کو ابرار حسن اپنے آبائی قصبے ننکانہ صاحب سے سفر پر روانہ ہوئے۔ اس سفر میں انہوں نے تین براعظموں کو عبور کیا اور 50 دن تک موٹر سائیکل پر سفر کرنے کے بعد 27 مارچ کو مدینہ پہنچے۔ مدینہ سے وہ مکہ گئے اور عمرہ ادا کیا۔
مدینہ سے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’یہ ہمیشہ سے میرا خواب تھا (موٹر سائیکل پر سعودی عرب کا سفر کرنا) اور یہ اس سال پورا ہوگیا۔‘
’شاید کچھ احساسات ہیں جو آپ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔ لہٰذا میرے لیے سب کچھ غیر حقیقی رہا ہے اور مجھے اس ہر ایک لمحے سے محبت ہے۔‘

ابرار حسن نے سعودی عرب کے عوام کے ’پرتپاک استقبال‘ اور انہیں ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: ابرار حسن)

واضح رہے کہ ابرار حسن پیشے کے لحاظ سے ایک مکینیکل انجینیئر ہیں اور ایک جرمن کمپنی سے وابستہ ہیں۔
پاکستانی بائیکر جنہیں بچپن سے ہی ایڈونچر اور فوٹو گرافی کا شوق ہے، کا کہنا تھا کہ متعدد سرحدوں کو عبور کرنا اور راستے میں بہت سے لوگوں سے ملنا ایک ’حیرت انگیز تجربہ‘ تھا۔
’لیکن خصوصی برکت یہ تھی کہ رمضان کی آمد سے چند دن پہلے مدینہ پہنچ کر پہلا روزہ وہیں رکھا۔‘
ابرار حسن نے سعودی عرب کے عوام کے ’پرتپاک استقبال‘ اور انہیں ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کیا۔
ایک یادگار تجربہ جو انہوں نے بیان کیا وہ سعودی عرب میں داخل ہونے کے فوراً بعد چائے بیچنے والی خواتین کے ایک گروہ سے ملاقات تھی۔

رواں سال نو فروری کو ابرار حسن اپنے آبائی قصبے ننکانہ صاحب سے مکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے (فوٹو: ابرار حسن)

انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ ’جب انہیں معلوم ہوا کہ میں پاکستان سے موٹرسائیکل پر عمرہ کرنے جا رہا ہوں تو انہوں نے مجھ سے کوئی پیسہ نہیں لیا اور کہا کہ آپ ہمارے مہمان ہیں۔‘
خواتین کے ساتھ ابرار حسن کی بات چیت کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی اور انہیں مملکت میں شہرت حاصل ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب بھی میں اپنی موٹرسائیکل کے ساتھ باہر جاتا ہوں، اس وقت جو حمایت اور محبت مل رہی ہے وہ ناقابل یقین ہے۔‘
سعودی عوام کے پیار نے ابرار حسن کو مجبور کیا کہ وہ مملکت میں اپنا قیام بڑھائیں اور دوسرے شہروں کی سیر کرے۔

ابرار حسن نے اپنے سفر میں تین براعظموں کو عبور کیا (فوٹو: ابرار حسن)

سعودی عرب میں اپنے سفر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’میں اب تک ریاض، مدینہ اور مکہ جا چکا ہوں لیکن آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر شروع کر رہا ہوں۔ میں جدہ، ابھا، الباحہ، جازان اور العلا بھی جاؤں گا۔‘

شیئر: