اُن کی اچانک وفات پر ان کے دوستوں کے علاوہ بولی وڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی سلیبریٹیز بھی غم زدہ ہیں، فلم انڈسٹری کے دبنگ خان نے بھی کے کے کی موت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’میں کے کے کی فیملی کے ساتھ دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں، آپ اپنے میوزک کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘
تاہم جیسے ہی سلمان خان نے یہ ٹویٹ کی ان کے بعض فالوورز نے یہ سوال اُٹھانا شروع کر دیا کہ انہوں نے چند روز قبل قتل ہونے والے گلوکار سدھو موسے والا کی فیملی سے تعزیت کیوں نہیں کی؟
ان کی ٹویٹ کے نیچے کمنٹس سیکشن میں بعض فالوورز پوچھ رہے تھے کہ جب سدھو موسے والا کو گولی ماری گئی تو اس کی ٹویٹ کہاں ہے؟
ایک صارف نے ان سے دریافت کہ کیا وہ گینگسٹر گولڈی برار سے ڈر گئے ہیں، جس نے مبینہ طور پر سدھو کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سلمان خان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’سر آپ کے پاس دو منٹ بھی نہیں ہیں اُس لیجنڈ سنگر کے لیے؟‘
’آپ کی ٹویٹ سے وہ واپس تو نہیں آجائیں گے لیکن یہ ایک عزت ہوتی ہے جو کسی کو دینا بُری بات نہیں ہے۔ وہ بہت عاجز اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ لیکن کوئی بات نہیں، ٹھیک ہے جناب۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ ’میرا سلمان خان سے ایک سوال ہے کہ آپ نے یہ دکھ سدھو موسے والا کے انتقال پر کیوں نہیں دکھایا؟‘
’انہیں تو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ کیوں سلمان خان، گولڈی برار گینگ سے ڈر گئے ہیں؟ میرے سمیت ہر کوئی یہ سمجھتا ہے۔‘
بعض دیگر ٹوئٹر صارفین نے سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ ’انہوں نے اتنی تاخیر سے کے کے کی تعزیتی ٹویٹ کیوں کی؟ جبکہ چند صارفین کا کہنا تھا کہ ’کیا آپ نیند سے بیدار ہوگئے ہیں؟‘