Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایم کیو ایم کی مدد سے مہنگائی ہوئی‘، فواد چوہدری، فیصل سبزواری آمنے سامنے

گذشتہ رات حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی حکومت نے جمعرات کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30، 30 روپے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اتحادی حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
ایسی ہی ایک تنقیدی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے اپنی سابق اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ کراچی کے لوگوں کو سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے۔
انہوں نے لکھا کہ ’کراچی کے شہری پیٹرول پمپوں کو نقصان کیوں پہنچا رہے ہیں؟ آپ کو ایم کیو ایم کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرنا چاہیے جن کی مدد اور حمایت سے مہنگائی کا یہ طوفان آیا۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نے مزید کہا کہ ’خالد مقبول صدیقی، امین الحق اور فیصل کے مفت پیٹرل کی قیمت کراچی اور پاکستان کے عوام کو دینی پڑ رہی ہے۔‘
فواد چوہدری کی ٹویٹ پر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے بحری امور سینیٹر فیصل سبزواری نے لکھا کہ ’فواد آپ کی چالاکیوں کی قیمت پوری قوم دے گی بشمول عمران خان۔‘
انہوں نے سابق وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’جگت بازی اور چھچھورپن سے ملک چلتا تو آپ تاحیات کسی نہ کسی چیز کے وزیر رہتے۔‘
فیصل سبزواری نے وفاقی حکومت بشمول کابینہ ارکان اور 17 گریڈ سے اوپر کے افسران کو مفت پیٹرول کی سہولت بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس عمل کا آغاز وفاقی کابینہ سے کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے سمیت تمام وزرا اور سندھ حکومت کے افسران کا پیٹرول 40 فیصد کم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ 
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خزانے پر مزید نہیں پڑنا چاہیے۔ پیٹرول کے کوٹے میں 40 فیصد کی کمی سے خزانے پر بوجھ نہیں پڑے گا بلکہ کچھ کم ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔  
27 مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ گذشتہ حکومت کے دور میں پیٹرول 150 فی لیٹر تھا جبکہ اس نئے اضافے کے بعد ملک میں پیٹرول 209 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے۔

شیئر: