Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزرا اور سرکاری افسران کو کفایت شعاری کی ہدایت

حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا، سرکاری افسران اور متعلقہ سٹاف کو کفایت شعاری کے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کو ایک بیان میں پرائم منسٹر سٹرٹیجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے بتایا کہ ’وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے دوران حکومت کو اپنے ایندھن اور بجلی کے اخراجات کم کر کے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ لوڈشیڈنگ کے دوران ہائبرڈ اور الیکٹرک کاروں کے استعمال کی حکمت عملی وضع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ’ٹرانسپورٹ اور بجلی کے لیے تیل کے استعمال کو کم کرنے کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا۔‘
سلمان صوفی نے کہا کہ شہری ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی طرف جائیں تو ان کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔
 قبل ازیں سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے سرکاری اداروں میں پیڑولیم مصنوعات کے اخراجات کم کرنے کا اعلان کیا۔
جمعے کو ملک کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے اعلان میں کہا کہ سرکاری اداروں میں پٹرولیم مصنوعات کے اخراجات میں 35 فیصد کمی لائی جائے گی۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کرنے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔‘
وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے سمیت تمام وزرا اور سندھ حکومت کے افسران کا پیٹرول 40 فیصد کم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خزانے پر مزید نہیں پڑنا چاہیے۔ پیٹرول کے کوٹے میں 40 فیصد کی کمی سے خزانے پر بوجھ نہیں پڑے گا بلکہ کچھ کم ہوگا۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 30 30 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل 27 مئی کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیر خزانہ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی شرائط اور بھاری سبسڈی نہ دیا جا سکتا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بنا ہے۔
گذشتہ حکومت کے دور میں پیٹرول 150 فی لیٹر تھا جبکہ اس نئے اضافے کے بعد ملک میں پیٹرول 209 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتوں میں مجبوراً اضافہ کرنا پڑا ہے لیکن اس کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں تھی۔
جمعے کو گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزرا اور مشیروں سمیت سب کو سادگی اختیار کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان سمیت تمام افسران کو کفایت شعاری کی غرض سے کیے جانے والے اقدامات قبول کرنا پڑیں گے تاکہ ملک کو خوشحالی کی جانب لے جایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور گوادار میں تمام منصوبے مکمل کریں گے۔

شیئر: