Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریکنگ نظام میں خرابی، مرسڈیز بینز نے لاکھوں گاڑیاں منگوا لیں

مرسڈیز بینز دنیا بھر سے متاثرہ گاڑیوں کو مرمت کے لیے واپس منگوا رہی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گاڑیاں بنانے والی جرمن کمپنی مرسڈیز بینز اعلان کیا ہے کہ وہ تکینکی خرابی کے باعث صارفین کے زیر استعمال لاکھوں گاڑیاں واپس منگوا رہی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مرسڈیز بینز بریکنگ سسٹم میں ممکنہ خرابی کے باعث دنیا بھر سے تقریباً 10 لاکھ پرانی گاڑیاں واپس منگوا رہی ہیں۔
جرمن میڈیا نے فیڈرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ جو گاڑیاں مرسڈیز بنز نے منگوائی ہیں وہ 2004 اور 2015 کے درمیان تیار کی گئی تھیں۔
فیڈرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق جرمنی میں موجود 70 ہزار گاڑیوں سمیت دنیا بھر سے نو لاکھ 93 ہزار 407 گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔
مرسڈیز بینز نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر گاڑیوں کو مرمت کے لیے واپس منگوا رہی ہے اور متاثرہ گاڑیوں کے مالکان سے رابطہ کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق جن گاڑیوں کو واپس منگوایا جا رہا ہے، ان کے معائنے کے بعد جہاں ضرورت ہوگی، ان پرزوں کو تبدیل کیا جائے گا۔
’ہم اپنے صارفین سے درخواست کرتے ہیں کہ جب تک گاڑیوں کا معائنہ نہیں ہوتا، اس وقت تک اپنی گاڑیاں نہ چلائیں۔‘

شیئر: