Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام مخالف بیان، عبدالرحمن السدیس اور آئمہ کی جانب سے مذمت

سعودی عرب مذاہب اور عقائد کے احترام کا علمبردار ہے (فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ائمہ، خطیبوں اور علما نے پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز بیان اور خاکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے مذمتی بیان جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر پر بیان میں کہا گیا کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ائمہ، خطیبوں، علما اور اہلکاروں نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی توہین گھناؤنا عمل ہے۔ مذاہب کے احترام سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں‘۔
بیان کے مطابق ’جن لوگوں نے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی ہے انہوں نے سیرت طیبہ کا مطالعہ نہیں کیا۔ وہ کائنات کے سب سے اچھے انسان تھے۔ بنی نوع انساں کے لیے نور ہدایت اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے آسمانی رحمت تھے‘۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے بیان میں سعودی عرب کا موقف دہراتے ہوئے کہا گیا کہ’ سعودی عرب مذاہب اور عقائد کے احترام کا علمبردار ہے۔ دنیا بھر کے انسانوں کے درمیان امن و آشتی کا پرچار اس کا شیوہ ہے۔ سعودی عرب دین اسلام کی علامتوں کی توہین برداشت نہیں کرسکتا‘۔

شیئر: