کھلے مقامات پر 15 جون سے کارکنوں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی
یہ پابندی جمعرات 15 ستمبر 2022 تک نافذ رہے گی( فوٹو عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ بدھ 15 جون 2022 سے دوپہر بارہ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینا منع ہے۔
تمام نجی اداروں سے کہا گیا ہے کہ ’دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر کارکنان کی ڈیوٹی نہ لگائی جائے‘۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ’ دھوپ میں کام لینے پر پابندی جمعرات 15 ستمبر 2022 تک نافذ رہے گی۔ دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر کارکنان سے ڈیوٹی نہیں لی جاسکے گی‘۔
وزارت افرادی قوت نے پابندی پرعمل درآمد کے لیے تفتیشی ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ مملکت بھر میں پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کارروائیاں کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ یہ فیصلہ دھوپ میں کام کرنے والے کارکنوں کی حفاظت اور ان کی صحت کو یقینی بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔