مردوں کی ازدواجی تعلقات میں دلچسپی کم ہونے کی وجوہات؟
مردوں کی ازدواجی تعلقات میں دلچسپی کم ہونے کی وجوہات؟
منگل 14 جون 2022 14:00
روٹین اور معمولات میں تبدیلی سے بھی مزاج میں فرق پڑ جاتا ہے: فوٹو پکسابے
شادی شدہ زندگی کے تعلقات میں سرد مہری کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں جن میں کچھ نفسیاتی ہیں ، کچھ جسمانی اور کچھ بیرونی۔
الرجل میگزین کے مطابق اگر ان مسائل پر توجہ نہ دی جائے تو معاملات ہاتھوں سے نکلنا لازمی نتیجہ بن جاتا ہے۔ ان مسائل کے اسباب کو جاننے بغیر مسائل کو حل کرنا بھی ممکن نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات اعصابی دباؤ مردوں میں سرد مہری کا سبب ہوسکتا ہے۔
دفتر کے مسائل ، مالی بوجھ اور بعض اوقات مختلف قسم کے تفکرات مرد میں دلچسی اور رغبت پیدا کرنے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
طبی ماہرین ان حالات میں ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے مخصوص ادویہ بھی تجویز کرتے ہیں۔
یہ بات طے شدہ ہے کہ ذہنی دباؤ، تفکرات، مالی مسائل اور دماغ پر بوجھ موجود ہو تو انسان کسی چیز پر توجہ مرکوز نہیں رکھ سکتا۔
ازدواجی تعلق انسانی تعلق کی بنیاد پر ہے اور انسانی تعلق میں اتار چڑھاؤ ہوتا رہتا ہے۔ بہت ممکن ہے کہ کسی کے ساتھ انتہائی گہرا تعلق ہو مگر وقت کے ساتھ وہ کم ہوجائے۔
جب بات کی جائے شوہر اور بیوی کی تو وقت کے ساتھ ان کے تعلقات میں سرد مہری کا آجانا فطری بات ہے۔ جب ایسا ہوجائے تو ازدواجی تعلقات پر اس کے اثرات کا ہونا بھی فطری امر ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ شوہر اور بیوی کے تعلقات کی مضبوطی محض ازدواجی تعلق پر مبنی نہیں ہوتی۔ وہ اس سے کہیں زیادہ بلند ہوجاتی ہے۔ پھر ایک مرحلہ آتا ہے جب وہ ایک دوسرے کے ساتھی اور سہارا بن جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی رکھیں اور ایک دوسرے کی ذمہ داروں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
تعلق میں عدم دلچسی کی وجہ سے دشواری ہو رہی ہو تو معاملے کو سمجھنا چاہیے۔ ہوسکتا ہے دوسرا فریق تھکن کا شکار ہو، ہوسکتا ہے ذہنی دباؤ یا کسی الجھن میں۔ اسے رعایت دینی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ازدواجی تعلقات کی رغبت کی نوعیت اور کیفیت ہر شخص میں مختلف ہوتی ہے۔
یہ فطری امر ہے کہ ایک شخص میں رغبت زیادہ ہے اور دوسرے شخص میں کم ہے۔ اگر آپ کے ساتھی میں دلچسپی کی کمی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا ساتھی آپ سے نفرت کرتاہے یا اسے کوئی مسئلہ درپیش ہے۔مردوں میں عمر بڑھنے کے ساتھ ہارمون میں فرق آجاتا ہے اور یہ طبعی ہے۔ عام طور پر ڈاکٹر اس کے علاج کے لیے ادویہ بھی تجویز کرتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مردوں میں دلچسپی میں اضافے کا کوئی معقول اور معتدل طریقہ ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مرد میں دلچسپی کی کمی مسئلہ بن رہی ہے تو مناسب ہوگا کہ وہ کسی سپیشلسٹ سے رجوع کر کے مسئلے کا حل کروائے۔
بہت ممکن ہے کہ وٹامن کی کمی یا ہارمون کی خرابی کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوگیا ہو۔
فریقین کو چاہیے کہ وہ دن میں کچھ وقت ایسا نکالیں جس میں ذہن کو سکون اور جسم کو راحت مل سکے۔
اسی طرح روٹین اور معمولات میں تبدیلی سے بھی مزاج میں فرق پڑ جاتا ہے۔
گھریلو سامان کی تبدیلی یا کم سے کمرے کی ترتیب کو ہی بدلنے سے مزاج بہتر ہوجاتا ہے۔
میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ کمیونیکیشن گیپ ختم کریں اور زیادہ بہتر طریقے سے ایک دوسرے کے بدلتے مزاج اور حالات کو سمجھیں۔