فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ماڈل جورجینا روڈریگوز سعودی عرب کے لگژری کروز لائن ’ارویا کروز‘ کی اشتہاری مہم میں نظر آئے۔
عرب نیوز کے مطابق ویڈیو میں جوڑے نے ہلکے پھلکے انداز میں عربی زبان میں گفتگو کی۔ جورجینا نے موبائل فون پر کروز کو منتخب کرتے ہوئے رونالڈو سے کہا ’یلا‘، جبکہ رونالڈو نے جواب میں پرجوش انداز میں ’یلا‘ کہا یعنی چلو چلیں کہا۔
اس کے بعد دونوں کروز کے مختلف حصوں کی سیر کرتے ہیں جس میں پینو رامک سی ویو، لگژری اندرونی مناظر اور کروز میں ان کا کمرہ دکھایا جاتا ہے۔
رونالڈو اور جورجینا نے یہ مہم سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ’گھر صرف ایک جگہ کا نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک احساس ہے۔‘
ارویا کروز میں متعدد سہولیات ہیں جن میں ایک سپا، متعدد ریستوراں، ایک تھیٹر، واٹر پارک، ریٹیل ایریا، بچوں کا زون اور کئی سوئمنگ پول شامل ہیں۔
فی الحال بنیادی طور پر یہ جدہ سے چل رہی ہے اور بحیرہ احمر میں سفر کی پیشکش کرتی ہے جس میں مصر میں شرم الشیخ، اردن میں عقبہ اور جبل السبایا جزیرہ جیسے مقامات شامل ہیں۔
جون 2025 سے کروز لائن اپنے آپریشنز کو مشرقی بحیرہ روم تک پھیلائے گی جس میں میکونوس، روڈس اور انطالیہ شامل ہوں گے۔