راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر کا مطلب جمہوریت ختم: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جس پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض ہو اس کا مطلب ہے وہاں جمہوریت ختم ہو گئی۔
منگل کو اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہاؤس میں ’مزدوروں سے خطاب‘ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ لوگ باقی رہے تو ملک سے جمہوریت ختم ہو جائے گی۔‘
اپنی ہی پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے راجہ ریاض کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جس فرد نے ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا ہے وہ اپوزیشن لیڈر بنا ہوا ہے۔‘
موجودہ حکومت کو سیاسی مخالفین اور میڈیا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمارے زمانے میں کوئی بتائے ہم نے کسی پر کوئی جھوٹا کیس کیا ہو، میرے اوپر آٹھ ایف آئی آرز ہیں۔‘
’ایف آئی اے ختم کیوں کہ اس پر شہباز شریف خود آ کر بیٹھ گئے ہیں۔ نیب کے اوپر بیٹھ گئے وہ ختم، پولیس ختم کیونکہ اسے لوگوں پر جھوٹے مقدمے بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔‘
عمران خان نے پارٹی کے کارکنوں سے طویل خطاب میں کہا کہ ’ماضی میں ہمیں مہنگائی کا طعنہ دینے والوں نے صرف تین ماہ میں کئی گنا زیادہ مہنگائی کر دی ہے۔‘
انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں کال دوں گا تو اب آپ سب نے نکلنا ہے۔ سارے مزدوروں کو پیغام ہے کہ آپ نے تیاری کرنی ہے۔‘
موجودہ مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’جس طرح ہم نے 12 ہزار دیے اس طرح یہ بھی غریبوں کو 12 ہزار روپے دے۔‘