عمران خان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے
عمران خان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے
بدھ 8 جون 2022 15:28
شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور اسد عمر سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
عمران خان آئندہ مدت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔
بدھ کے روز پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’پاکستان تحریک انصاف کی نیشنل کونسل کے اجلاس میں عمران خان کو بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور اسد عمر مرکزی سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔
پارٹی کے دیگر دو پینلز کے امیدواروں نے عمران خان کے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
ایک پینل کی سربراہی عمر سرفراز چیمہ جبکہ دوسرے پینل کی سربراہی نیک محمد کررہے تھے۔
انٹرا پارٹی اجلاس کے بعد نیشنل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’بہت جلد ملک کے سب سے بڑے احتجاج کی کال دوں گا۔‘
’سب سے کہتا ہوں کہ اپنی تیاری جاری رکھیں، ہم سپریم کورٹ گئے ہیں صورت حال واضح ہوگی تو حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’موجودہ حکومت نے دو ماہ کے دوران پیٹرول اور ڈیزل 60، 60 روپے مہنگا کردیا۔’
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے روس سے سستا تیل خریدنے کی بات کرلی تھی لیکن جب میں روس کے دورے سے واپس آیا تو میرے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’موجودہ حکومت کو مہنگائی کی فکر ہوتی تو فوری طور پر سستا تیل منگواتے جبکہ ان کا مشیر خزانہ کہتا ہے کہ روس ہمیں آکر پیش کش کرے۔‘
’بیرونی سازش کے تحت 30 سال کرپشن کرنے والوں کو قوم پر مسلط کیا گیا، جب سے ہماری حکومت گرائی گئی اس کے بعد اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے تھے، ہماری حکومت میں فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی مارچ کیے لیکن ہم نے کسی کو نہیں روکا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’پیٹرول کی قیمت میں تین روپے اضافے پر بلاول بھٹو نے مہنگائی مارچ کیا تھا، ہم نے کبھی میڈیا پر بھی پابندیاں نہیں لگائیں، ہماری حکومت صرف فیک نیوزکے خلاف آواز اٹھاتی تھی۔‘
’ناجائز حکومت نے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، حلقہ بندیوں پر بے شمار شکایات سامنے آرہی ہیں، یہ چور اقتدار میں رہ کر تمام اداروں کو تباہ کردیں گے، یہ اپنا چیئرمین نیب لگوا کر اپنے کیسز ختم کروانا چاہتے ہیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے کرپٹ شخص کو اسلام آباد کا آئی جی لگا دیا ہے، ان لوگوں کو کرپٹ سسٹم کو آگے بڑھانے کے لیے لگایا گیا ہے۔‘
’لوڈ شیڈنگ اور پانی اس وقت بہت بڑا مسئلہ ہے، ہماری حکومت نے 50 سال بعد ڈیمز بنانا شروع کیے، موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو منفی کردیا گیا ہے، چیئرمین واپڈا مزمل حسین کے جانے سے واپڈا کی ریٹنگ مائنس میں چلی گئی ہے۔‘